Anwar-ul-Bayan - An-Nahl : 103
وَ لَقَدْ نَعْلَمُ اَنَّهُمْ یَقُوْلُوْنَ اِنَّمَا یُعَلِّمُهٗ بَشَرٌ١ؕ لِسَانُ الَّذِیْ یُلْحِدُوْنَ اِلَیْهِ اَعْجَمِیٌّ وَّ هٰذَا لِسَانٌ عَرَبِیٌّ مُّبِیْنٌ
وَ : اور لَقَدْ نَعْلَمُ : ہم خوب جانتے ہیں اَنَّهُمْ : کہ وہ يَقُوْلُوْنَ : وہ کہتے ہیں اِنَّمَا : اس کے سوا نہیں يُعَلِّمُهٗ : اس کو سکھاتا ہے بَشَرٌ : ایک آدمی لِسَانُ : زبان الَّذِيْ : وہ جو کہ يُلْحِدُوْنَ : کجراہی (نسبت) کرتے ہیں اِلَيْهِ : اس کی طرف اَعْجَمِيٌّ : عجمی وَّھٰذَا : اور یہ لِسَانٌ : زبان عَرَبِيٌّ : عربی مُّبِيْنٌ : واضح
اور ہمیں معلوم ہے کہ یہ کہتے ہیں کہ اس (پیغمبر) کو ایک شخص سکھا جاتا ہے۔ مگر جس کیطرف (تعلیم کی) نسبت کرتے ہیں اس کی زبان تو عجمی ہے اور یہ صاف عربی زبان ہے۔
(16:103) انما یعلمہ بشر۔ میں ہٗ ضمیر مفعول واحد مذکر غائب کا مرجع رسول کریم ﷺ ہیں اس میں دوسرا مفعول یعنی القرآن محذوف ہے۔ ای انما یعلمہ القران بشر۔ اس کو (یعنی آنحضرت ﷺ کو) یہ قرآن ایک آدمی سکھ لاتا ہے۔ اس کا اشارہ ایک نو مسلم رومی نصرانی غلام کی طرف ہے جو انجیل وغیرہ سے واقف تھا۔ اور رسول اللہ ﷺ کی باتیں خوب توجہ اور دلچسپی کے ساتھ سنا کرتا تھا۔ تو آپ بھی کبھی اس کے پاس جا بیٹھتے تھے۔ یلحدون۔ الحد یلحد الحاد (افعال) سے جمع مذکر غائب مضارع معروف۔ اللحد اس گڑھے یا شگاف کو کہتے ہیں جو قبر کی ایک جانب میں بنایا جاتا ہے۔ پھر اصل سے ہٹ کر ایک طرف پھرنے کو بھی الحاد کہتے ہیں۔ چناچہ کہا جاتا ہے الحد فلان عن الدین۔ فلاں دین سے پھر گیا۔ اسی سے ملحد دین سے پھرا ہوا کافر ہے۔ اور الحد السھم عن الھدف۔ تیر نشانہ کے ایک پہلو میں جا لگا۔ یلحدون الیہ (حقیقت سے ہٹ کر) جس کی طرف وہ مائل تھے۔ یا جس کی طرف ان کا اشارہ تھا۔ اعجمی۔ العجمۃ کے معنی ابہام اور اخفا کے ہیں۔ یہ الابانۃ کی ضد ہے جس کے معنی واضح اور بیان کردینا کے ہیں۔ العجم غیر عرب کو کہتے ہیں اور العجمی اس کی طرف منسوب شے کو کہتے ہیں۔ الاعجم وہ آدمی جس کی زبان فصیح نہ ہو خواہ وہ عربی ہی کیوں نہ ہو۔ کیونکہ عربی لوگ عجمی کی گفتگو بہت کم سمجھتے تھے۔ اور الاعجمی۔ الاعجم کی طرف منسوب کی گئی شے۔ لسان اعجمی۔ وہ زبان جو ایک اعجم کی ہو۔ یعنی ایسے شخص کی جو فصیح ومبین زبان نہ بول سکتا ہو۔ مبین اسم فاعل واحد مذکر کھول کھول کر فصاحت و بلاغت سے بیان کرنے والا۔ ایسی زبان جو بات کو فصاحت و بلاغت سے بیان کرنے والی ہو۔
Top