Anwar-ul-Bayan - Faatir : 41
اِنَّ اللّٰهَ یُمْسِكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ اَنْ تَزُوْلَا١ۚ۬ وَ لَئِنْ زَالَتَاۤ اِنْ اَمْسَكَهُمَا مِنْ اَحَدٍ مِّنْۢ بَعْدِهٖ١ؕ اِنَّهٗ كَانَ حَلِیْمًا غَفُوْرًا
اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ يُمْسِكُ : تھام رکھا ہے السَّمٰوٰتِ : آسمان (جمع) وَالْاَرْضَ : اور زمین اَنْ : کہ تَزُوْلَا ڬ : ٹل جائیں وہ وَلَئِنْ : اور اگر وہ زَالَتَآ : ٹل جائیں اِنْ : نہ اَمْسَكَهُمَا : تھامے گا انہیں مِنْ اَحَدٍ : کوئی بھی مِّنْۢ بَعْدِهٖ ۭ : اس کے بعد اِنَّهٗ : بیشک وہ كَانَ : ہے حَلِيْمًا : حلم والا غَفُوْرًا : بخشنے والا
خدا ہی آسمانوں اور زمین کو تھامے رکھتا ہے کہ ٹل نہ جائیں اگر وہ ٹل جائیں تو خدا کے سوا کوئی ایسا نہیں جو ان کو تھام سکے بیشک وہ بردبار (اور) بخشنے والا ہے
(35:41) یمسک مضارع واحد مذکر غائب امساک (افعال) مصدر۔ وہ روکتا ہے وہ تھامتا ہے۔ وہ روکے ہوئے ہے، وہ تھامے ہوئے ہے۔ ان تزولا۔ ان مصدریہ ہے تزولا مضارع تثنیہ مؤنث غائب زوال مصدر (باب نصر) کسی چیز کا اپنا صحیح رخ چھوڑ کر ایک جانب مائل ہوجانا۔ اپنی جگہ سے ہٹ جانا۔ کہ وہ دونوں ( سموت والارض) اپنے مقام سے ہٹ جائیں۔ تزولا اصل میں تزولان تھا۔ ان کے عمل سے نون اعرابی ساقط ہوگیا ۔ اور جگہ قرآن مجید میں ہے لتزول منہ الجبال (14:46) کہ اس سے پہاڑ ہی اپنی جگہ سے ٹل جائیں ۔ زالتا۔ ماضی تثنیہ مؤنث غائب زوال مصدر سے ان زالتا۔ اگر وہ دونوں اپنی جگہ سے ہٹ گئے۔ یا ہٹ جائیں یا ہٹنے لگیں۔ ان امسکھما۔ ان نافیہ ہے ای ما امسکھما (کوئی) ان دونوں کو (پھر) تھام نہیں سکتا۔ سنبھالا دے نہیں سکتا۔ من احد۔ میں من زائدہ ہے نفی کی تاکید کے لئے لایا گیا ہے یعنی کوئی بھی۔ بعدہ میں ہ ضمیر واحد مذکر غائب یا اللہ کی طرف راجع ہے یا الزوال کی طرف۔ ای بعد زوالھما۔ (ان دونوں یعنی زمین و آسمان کے ) اپنی سے ہٹ جانے کے بعد یا امسا کہ تعالیٰ کی طرف راجع ہے یعنی خدا وند تعالیٰ کے تھامنے کے علاوہ اور کوئی اسے تھام نہیں سکے گا۔ بعد کا لفظ یہاں بجز یا علاوہ کے معنی میں آیا ہے۔ حلیما۔ حلم والا۔ بردبار ۔ تحمل والا۔ حلم سے جس کے معنی جوش غضب سے نفس اور طبیعت کو روکنے کے ہیں بروزن فعیل صفت مشبہ کا صیغہ ہے۔ حلیما وہ حلیم ہے کیونکہ شرک جیسی کھلی ہوئی اور انتہائی گستاخی پر بھی فورا سزا نہیں دیتا۔ غفورا کیونکہ اگر یہ اپنی شرارتوں سے باز آجائیں تو اب بھی وہ معاف کرنے کو تیار ہے ۔ حلیما غفورا منصوب بوجہ خبر کان کے ہے۔
Top