Urwatul-Wusqaa - Al-Kahf : 79
قُلْ یُحْیِیْهَا الَّذِیْۤ اَنْشَاَهَاۤ اَوَّلَ مَرَّةٍ١ؕ وَ هُوَ بِكُلِّ خَلْقٍ عَلِیْمُۙ
قُلْ : فرما دیں يُحْيِيْهَا : اسے زندہ کرے گا الَّذِيْٓ : وہ جس نے اَنْشَاَهَآ : اسے پیدا کیا اَوَّلَ مَرَّةٍ ۭ : پہلی بار وَهُوَ : اور وہ بِكُلِّ : ہر طرح خَلْقٍ : پیدا کرنا عَلِيْمُۨ : جاننے والا
آپ ﷺ کہہ دیجئے کہ ان کو وہی زندہ کرے گا جس نے ان کو پہلی بار پیدا کیا تھا اور وہ ہر طرح کا پیدا کرنا خوب جانتا ہے
کون زندہ کرے گا ؟ وہی جس نے تجھے پہلی بار زندہ کیا تھا : 79۔ نہایت شوخی کے ساتھ سر کے بال گردن کے زور سے جھٹک کر سوال کرنے والے کو آپ اس طرح جواب دے دیں کہ اس کو وہی زندہ کرے گا جس نے اس کو پہلی بار زندہ کیا تھا وہی خلاق علیم ہے جس کی قوت تخلیق کا یہ عالم ہے کہ آسمان و زمین اور پھر آسمان و زمین کے اجرام فلکی وسماوی اور زمینی مخلوق کو ایک ہی حکم (کن) سے تخلیق کردیا ۔ وہی اب بھی اس کو زندہ کردے گا غور تو کرو کہ عدم سے ہست میں لانا مشکل ہے یا نیست کو ہست سے ؟ پہلی بار کسی چیز کو بنانا مشکل ہوتا ہے یا بنی ہوئی چیز کی مثل بنانا مشکل ہوتا ہے ؟ وہ بدیع وفاطر ہے پہلی بار جو نقشہ اس نے بنایا وہی نقشہ خوب بنایا اور اب اسی خوب کو مٹا کر اس کی مثل بنانا یا اس مثل کو مٹا کر خوب بنانا یا خوب سے خوب تر بنانا ان میں سے خود ہی سمجھ لو کہ آسان ہے کیا ہے اور مشکل کیا ؟ تعجب ہے تم پر کہ مشکل کو مانتے ہو اور آسان سے انکار کرتے ہو تف ہے تمہاری عقل پر یا تمہاری اس ہٹ دھرمی پر جو تم کرتے ہی چلے جا رہے ہو تم کو کیا معلوم ہے کہ اس کے ہاں تمہارے کتنے خاکے موجود ہیں اور ان میں سے جس کے ساتھ وہ چاہے تمہاری روح کا الحاق جوڑ دے تو وہ تم نہیں ہو گے تو آخر اور کون ہوگا تمہارا فوٹو تم ہو تمہاری خواب کا اشارہ بھی تم ہی ہو اور تمہارا خاکہ تم نہیں ہو آخر کیوں ؟ ہاں جواب دو سوچتے کیا ہو ؟ سمجھ لو کہ وہ اللہ رب ذوالجلال والاکرام تمہاری پہلی تخلیق سے بھی اچھی طرح واقف ہے اور تمہاری دوسری تخلیق بھی اس پر کوئی مشکل امر نہیں ہاں ! وہی تم جو شادی خانہ آبادی کے وقت تھے ‘ ہاں ! وہی تم جو آج دس بچوں کے باپ ہونے کے بعد ہو ۔ اگر تم کو ان سارے تم ‘ تم میں سے کوئی تم بھی تمہارے پہلے تم کے ساتھ رکھ دیا جائے تو تم بھی تم کو نہ پہچان سکو اور باتیں کرتے وقت نہیں بلکہ باتیں بناتے وقت تمہاری نظر کسی تم پر بھی نہیں رہی کتنی جلدی بھول جانے والے ہو تم اور پھر بھی جھگڑتے ہو تم معلوم ہوتا ہے کہ ع شرم تم کو مگر نہیں آتی ۔
Top