Ashraf-ul-Hawashi - Az-Zumar : 53
قُلْ یٰعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اَسْرَفُوْا عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ جَمِیْعًا١ؕ اِنَّهٗ هُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ
قُلْ : فرمادیں يٰعِبَادِيَ : اے میرے بندو الَّذِيْنَ : وہ جنہوں نے اَسْرَفُوْا : زیادتی کی عَلٰٓي : پر اَنْفُسِهِمْ : اپنی جانیں لَا تَقْنَطُوْا : مایوس نہ ہو تم مِنْ : سے رَّحْمَةِ اللّٰهِ ۭ : اللہ کی رحمت اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ يَغْفِرُ : بخش دیتا ہے الذُّنُوْبَ : گناہ (جمع) جَمِيْعًا ۭ : سب اِنَّهٗ : بیشک وہ هُوَ : وہی الْغَفُوْرُ : بخشنے والا الرَّحِيْمُ : مہربان
اے پیغمبر10 کہہ دے میرے بندوں جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا11 اللہ کی مہربانی سے ناامید نہ ہو12 کیونکہ اللہ سب گناہوں کا شرک کے سوا) بخشش دیتا ہے13 بیشک وہی بڑا بخشنے والا مہربان ہے
10 یعنی اے نبی ﷺ ! میرے بندوں سے خطاب کر کے کہہ دیجئے۔ واضح رہے کہ تمام لوگ مسلمان ہوں یا کافر، انبیاء ( علیہ السلام) و الیاء ہوں یا فرشتے سب اللہ کے بندے ہیں حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت ﷺ کو بھی متعدد آیات میں بندہ کہہ کر خطاب فرمایا ہے۔11 یعنی کفر و شرک اور گناہوں کا ارتکاب کر کے اپنے آپ کو دوزخ کا مستحق بنا لیا۔ یہاں اسراف میں اور گناہوں کے علاوہ کفر و شرک بھی داخل ہے۔12 یہ رحمت مقید بہ توبہ ہے کیونکہ شرک بغیر توبہ کے معاف نہیں ہوتا۔ یعنی یہ نہ سمجھو کہ ہم اتنے گناہ کرچکے ہیں اب ہماری بخشش کیونکر ہوگی بلکہ اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرو اس کی رحمت بڑی وسیع ہے اور ہر انسان کے سامنے توبہ کا دارومدار کھلا ہے۔ 13 یعنی توبہ کرو گے تو وہ ہر قسم کے گناہ چاہے وہ کتنے ہی زیادہ اور کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں معاف فرما دے گا حتیٰ کہ توبہ سے تو شرک جیسا گناہ بھی معاف ہوجاتا ہے۔ اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ توبہ کے بغیر سب ہی گناہ معاف ہوجاتے ہیں اس لئے کہ شرک بغیر توبہ کے معاف نہیں ہوتا جیسا کہ آیت ( ان اللہ لا یغفر) الخ ( نساء : 48) میں بیان ہوچکا ہے۔ بہرکیف اس آیت میں گناہ گاروں کو توبہ کی دعوت دی ہے اور اس پر غفران ذنوب ( بشمول شرک) کی خبر دی ہے۔ حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے بعض لوگوں نے شرک کی حالت میں بڑے پیمانے پر قتل اور زنا کا ارتکاب کیا تھا وہ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ آپ ﷺ جو دعوت پیش فرما رہے ہیں وہ ہے تو ٹھیک، لیکن یہ بتایئے کہ ہماری بد اعمالیاں بھی معاف ہوسکتی ہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اور سورة فرقان کی آیت ( والذین لا یدعون۔۔۔۔۔ ) الخ نازل فرمائی۔ (ابن کثیر)
Top