Ashraf-ul-Hawashi - At-Tawba : 97
اَلْاَعْرَابُ اَشَدُّ كُفْرًا وَّ نِفَاقًا وَّ اَجْدَرُ اَلَّا یَعْلَمُوْا حُدُوْدَ مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ عَلٰى رَسُوْلِهٖ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌ حَكِیْمٌ
اَلْاَعْرَابُ : دیہاتی اَشَدُّ : بہت سخت كُفْرًا : کفر میں وَّنِفَاقًا : اور نفاق میں وَّاَجْدَرُ : اور زیادہ لائق اَلَّا يَعْلَمُوْا : کہ وہ نہ جانیں حُدُوْدَ : احکام مَآ : جو اَنْزَلَ : نازل کیے اللّٰهُ : اللہ عَلٰي : پر رَسُوْلِهٖ : اپنا رسول وَاللّٰهُ : اور اللہ عَلِيْمٌ : جاننے والا حَكِيْمٌ : حکمت والا
گنوار لوگ کفر اور نفاق میں شہر والوں سے زیادہ بڑھے ہوئے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے جو اپنے پیغمبر پر حکم اتارے ان کو نہ جاننے کے وہ زیادہ لائق ہیں کیونکہ جہالت ان کے خمیر میں ہے7 اور اللہ جانتا ہے حکمت والا
7 ۔ ان سے مراد وہ لوگ ہیں جو مدینہ منورہ سے دور دیہاتی اور صحرائی علاقوں میں رہتے تھے۔ یہ لوگ دراصل اسلام کی دعوت کو سمجھ کر سچے دل سے مسلمان نہیں ہوئے تھے بلکہ محض اسلام کی بڑتی ہوئی طاقت سے مرعوب ہو کر مسلمان ہوگئے تھے۔ انہیں شہر مدینہ منورہ میں آنے، مسلمانوں سے میل جول رکھنے اور آنحضرت ﷺ کی صحبت سے فیض یاب ہونے کا بہت کم موقع ملا تھا اس لیے یہ نرے گنوار اور اجڈ قسم کے لوگ تھے جن کے دلوں میں نہ نرمی پیدا ہوئی تھی اور نہ انہیں علم کی ہوا لگی تھی اس لیے ان میں جو منافق تھے ان کا نفاق بھی اہل مدینہ کے نفاق سے سخت تھا۔ امام رازی لکھتے ہیں بدوی اور شہری لوگوں کی طبیعتوں میں وہی فرق پایا جاتا ہے جو ایک باغ کے میوے اور پہاڑی درخت کے میوے میں محسوس ہوتا ہے۔ (کبیر) شاہ صاحبت لکھتے ہیں بدویوں کی سرشت میں بےحکمی، مفاد پرستی اور جہالت رچی بسی ہوئی ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے اپنی کمال حکمت سے نہ ان پر زیادہ ذمہ داری ڈالی اور نہ ان کو درجات کی بلندی عطا ہوئی (موضح)
Top