Tafseer-e-Baghwi - Al-Muminoon : 101
فَاِذَا نُفِخَ فِی الصُّوْرِ فَلَاۤ اَنْسَابَ بَیْنَهُمْ یَوْمَئِذٍ وَّ لَا یَتَسَآءَلُوْنَ
فَاِذَا : پھر جب نُفِخَ : پھونکا جائے گا فِي الصُّوْرِ : صور میں فَلَآ اَنْسَابَ : تو نہ رشتے بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان يَوْمَئِذٍ : اس دن وَّلَا يَتَسَآءَلُوْنَ : اور نہ وہ ایک دوسرے کو پوچھیں گے
پھر جب صور پھونکا جائے گا تو نہ تو ان میں قرابتیں رہیں گی اور نہ وہ ایک دوسرے کو پوچھیں گے
101۔ فاذا نفخ فی الصور فلاانساب بینھم، اس نفخہ کے متعلق مفسرین آئمہ کے مختلف اقوال ہیں۔ سعید بن جبیر نے حضرت ابن عباس ؓ عنہماکاقول نقل کیا ہے کہ صور پھونکنے جانے سے مراد اس جگہ پہلانفخہ صور ہے جس کے متعلق ارشاد ہے۔ ونفخ فی الصور ، ،۔۔۔ پھر دوسرا نفخہ صور پھونکاجائے گا، اس وقت سب کھڑے کھڑے دیکھ رہے ہوں گے اور ایک دوسرے کے آمنے سامنے سوال کریں گے۔ ابن مسعود نے فرمایا قیامت کے دن بندے یابندی کا ہاتھ پکڑ کر علی الاعلان سب اگلوں اور پچھلوں کے سامنے کھڑا کیا جائے گا، اور ایک منادی ندا دے گا، یہ فلاں بن فلاں ہے۔ اس کی طرف کسی کا حق ہو تو وہ اپنا حق لینے آجائے۔ اس وقت جس شخص کا اپنے باپ یا بیٹے یابی بی یا بھائی پر کوئی حق ہوگا وہ خوش ہوگا، اور اپناحق وصول کرے گا، اس کے بعد حضرت ابن مسعود نے آیت فلاانساب پڑھی۔ عطاء کی روایت میں ہے حضرت ابن عباس ؓ عنہماکاقول بھی آیا ہے کہ اس جگہ نفخہ سے مراد دوسرانفخہ ہے۔ ” فلاانساب بینھم، یعنی دنیا میں شرافت نسب پر ایک دوسرے پر فخر کرتے تھے۔ قیامت کے دن کوئی کسی پر نسبی فخر نہیں کرسکے گا، اور نہ ہی تو اصل والا سوال ایک دوسرے سے کرے گا۔ جیسا کہ دنیا میں ایک دوسرے سے سوال کرتے تھے کہ تو کون ہے تمہار کس قبیلہ سے تعلق ہے۔ دوسوال اور انکے جوابات۔ سوال : حدیث میں آتا ہے کہ قیامت کے دن تمام رشتے خواہ سببی ہوں یانسبی سب منقطع ہوجائیں گے آپ نے فرمایا میرے نسبی اور سسرالی رشتہ کے علاوہ ؟۔ جواب : بعض حضرات نے اس کا جواب دیا ہے کہ قیامت کے دن کوئی ذریعہ اور نسب سود مند نہیں ہوگا، سوائے رسول اللہ ﷺ کے ذریعہ اور نسبت کے یعنی سوائے قرآن اور ایمان کے۔ سوال : اس آیت میں فرمایا کہ ولایتساء لون، جبکہ دوسری آیت میں ارشاد فرمایا ، واقبل بعضھم علی بعض یتساء لون ؟ جواب : حضرت ابن عباس ؓ عنہماکاقول ہے کہ قیامت کے احوال اور مواقع مختلف ہوں گے کسی مقام پر تو اتناخوف طار ی ہوگا کہ کوئی کسی کونہ پوچھے گا اور بعض مواقع ایسے بھی ہوں گے کہ ذرا افاقہ اور سکون ہوگا۔ اس وقت ایک دوسرے کی حالت دریافت کرے گا۔
Top