Bayan-ul-Quran - An-Nahl : 8
وَّ الْخَیْلَ وَ الْبِغَالَ وَ الْحَمِیْرَ لِتَرْكَبُوْهَا وَ زِیْنَةً١ؕ وَ یَخْلُقُ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ
وَّالْخَيْلَ : اور گھوڑے وَالْبِغَالَ : اور خچر وَالْحَمِيْرَ : اور گدھے لِتَرْكَبُوْهَا : تاکہ تم ان پر سوار ہو وَزِيْنَةً : اور زینت وَيَخْلُقُ : اور وہ پیدا کرتا ہے مَا : جو لَا تَعْلَمُوْنَ : تم نہیں جانتے
اور گھوڑے اور خچر اور گدھے بھی پیدا کیے تاکہ تم ان پر سوار ہو اور نیز زینت کے لیے بھی اور ایسی ایسی چیزیں بناتا ہے جن کی تم کو خبر بھی نہیں۔ (ف 7)
7۔ ان آیات میں جمال اور زینت کا جو از معلوم ہوتا ہے، اور اس میں اور تکبر و تفاخر میں فرق یہ ہے کہ جمال وزینت تو اپنا دل خوش کرنے کے لئے یا اظہار نعمت الیہی کے لئے ہوتا ہے اور دل میں اپنے کو نہ اس نعمت کا مستحق سمجھتا ہے اور نہ دوسروں کو حقیر سمجھتا ہے، بلکہ منعم حقیقی کی طرف اس کا منسوب ہونا اس کے پیش نظر رہتا ہے، اور جس میں دعوی استحقاق اور تحقیر اور اپنے اوپر نظر اور دوسروں کی نظر میں علو شان کا قصد ہو وہ تکبر اور حرام ہے۔
Top