Dure-Mansoor - Ash-Shu'araa : 86
وَ اغْفِرْ لِاَبِیْۤ اِنَّهٗ كَانَ مِنَ الضَّآلِّیْنَۙ
وَاغْفِرْ : اور بخشدے لِاَبِيْٓ : میرے باپ کو اِنَّهٗ : بیشک وہ كَانَ : وہ ہے مِنَ : سے الضَّآلِّيْنَ : گمراہ (جمع)
اور میرے باپ کی مغفرت فرمائیے بلاشبہ وہ گمراہوں میں سے ہے
1۔ ابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ آیت ” واغفرلابی “ سے مراد ہے کہ اس پر احسان کیجیے تاکہ وہ اس کے ذریعہ آپ کی مغفرت کا مستحق ہوجائے۔ 2۔ عبد بن حمیدوابن المنذر وابن ابی حاتم نے قتادہ (رح) سے آیت ” ولا تخزنی یوم یبعثون “ کے بارے میں روایت کیا کہ ہم کو ذکر کیا گیا کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا ایک آدمی ایمان والوں میں سے قیامت کے دن اپنے مشرک باپ کا ہاتھ پکڑے ہوئے آئے گا یہاں تک کہ آگ اس کے ٹکڑے کرچکی ہوگی اور وہ امید رکھے گا کہ اس کو جنت میں داخل کردیا جائے گا تو ایک آواز دینے والا آواز دے گا کہ جنت میں مشرک داخل نہیں ہوگا وہ کہے گا اے میرے رب میرا باپ اور آپ نے وعدہ کیا تھا کہ تجھ کو رسوا نہ کروں گا راوی نے کہا کہ وہ اسے لگاتار پکڑے رہے گا۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اس کو بری صورت میں بدل دیں گے جو ایک نر بجو کی شکل میں بدبو دار صورت ہوگی۔ جب مومن اس کو اس حالت میں دیکھے گا تو اس سے بیزار ہوجائے گا اور کہے گا یہ میرا باپ نہیں ہے راوی نے کہا ہم دیکھتے ہیں کہ حضور ﷺ کا ارادہ کر رہے تھے مگر اس روز آپ ﷺ نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا نام نہیں لیا تھا۔ 3۔ البخاری والنسائی نے ابوہریرہ ؓ سے روایت کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا ابراہیم (علیہ السلام) اپنے باپ آزار سے قیامت کے دن اس حال میں ملاقات کریں گے کہ آزر کے چہرے پر سیاہی اور گرد ہوگی ابراہیم آزر سے فرمائیں گے کہ کیا میں نے تجھ کو نہ کہا تھا کہ میری نافرمانی نہ کر۔ ان کا باپ کہے گا آج میں تیری نافرمانی نہیں کروں گا ابراہیم فرمائیں گے اے میرے رب آپ نے مجھ سے وعدہ لیا تھا کہ میں تجھ کو رسوا نہ کروں گا جس دن مخلوق کو زندہ کر کے اٹھایا جائے گا پس باپ کی رسوائی سے بڑھ کر کونسی رسوائی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے میں نے کافروں پر جنت کو حرام کردیا ہے پھر کہا جائے گا اے ابراہیم تیرے قدموں کے نیچے کیا ہے (وہ دیکھیں گے) تو اچانک وہ ایک بجو کیچڑ میں لتھڑا ہوا ہوگا پھر اس کی ٹانگوں سے پکڑ کر اس کو آگ میں ڈال دیا جائے گا۔ 4۔ احمد نے بنو کنانہ کے ایک آدمی سے روایت کیا کہ میں نے نبی ﷺ کے پیچھے فتح مکہ کے دن نماز پڑھی میں نے آپ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ” اللہم لاتخزنی یوم القیامۃ “ (یعنی اے اللہ مجھے قیامت کے دن رسوا نہ فرما)
Top