Dure-Mansoor - Al-Qasas : 68
وَ رَبُّكَ یَخْلُقُ مَا یَشَآءُ وَ یَخْتَارُ١ؕ مَا كَانَ لَهُمُ الْخِیَرَةُ١ؕ سُبْحٰنَ اللّٰهِ وَ تَعٰلٰى عَمَّا یُشْرِكُوْنَ
وَرَبُّكَ : اور تمہارا رب يَخْلُقُ : پیدا کرتا ہے مَا يَشَآءُ : جو وہ چاہتا ہے وَيَخْتَارُ : اور وہ پسند کرتا ہے مَا كَانَ : نہیں ہے لَهُمُ : ان کے لیے الْخِيَرَةُ : اختیار سُبْحٰنَ اللّٰهِ : اللہ پاک ہے وَتَعٰلٰى : اور برتر عَمَّا يُشْرِكُوْنَ : اس سے جو وہ شریک کرتے ہیں
اور آپ کا رب جسے چاہتا ہے پیدا فرماتا ہے اور چاہتا ہے چن لیتا ہے ان لوگوں کو چن لینے کا کوئی حق نہیں ہے اللہ پاک ہے اور اس سے برتر ہے جو یہ لوگ شرک کرتے ہیں
1۔ ابن ابی حاتم نے ارطاۃ (رح) سے روایت کیا کہ میں نے ابی عون الحمص (رح) سے تقدیر کی بات میں سے کچھ پوچھاتو انہوں نے فرمایا کیا تم اللہ کی کتاب کو نہیں پڑھتے ہو کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت وربک یخلق مایشاء ویختار ماکان لہم الخیرۃ اور آپ کا رب جس چیز کو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور جس حکم کو چاہتا ہے اختیار کرلیتا ہے۔ 2۔ البخاری وابو داوٗد والترمذی والنسائی وابن ماجہ وابن مردویہ والبیہقی جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ کسی درپیش کام کے بارے میں ہم کو استخارہ اس اہتمام سے سکھات تھے جیسے ہم کو قرآن مجید میں سے کوئی سورت سکھاتے تھے اور یوں فرماتے تھے جب تمہیں کوئی کام درپیش ہو تو فرض نماز کے علاوہ دو رکعت نفل نماز پڑھ کر یہ دعا پڑھے۔ اللہم انی استخیرک بعلمک واستقدرک بقدرتک واسألک من فضلک العظیم فانک تقدر ولا اقدر و تعلم ولا اعلم وانت علم الغیوب اللہم ان کنت تعلم ان ہذا الامر خیر لی فی دینی ومعاشی وعاقبۃ امری وعاجل امری واٰجلہ فاقدرہ لی ویسرہ لی ثم بارک لی فیہ وان کنت تعلم ان ہذا الامر شر لی فی دینی ومعاشی وعاقبۃ امری وعاجل امری واٰجلہ فاصرفہ عنی واصرفنی عنہ واقدر لی الخیر حیث کان ثم رضنی بہ۔ اے اللہ میں تیرے علم کے ذریعہ تجھ سے خیر مانگتا ہوں اور تیری قدرت کے ذریعہ تجھ سے قدرت طلب کرتا ہوں اور تیرے بڑے فضل کا تجھ سے سوال کرتا ہوں کیونکہ بلاشبہ تجھے قدرت ہے اور مجھے قدرت نہیں اور تو جانتا ہے اور میں نہیں جانتا۔ اور تو غیب کا خوب جاننے والا ہے۔ اے اللہ اگر تو جانتا ہے کہ میرے لیے یہ کام بہتر ہے میرے دین میں اور میری زندگی گزارنے میں اور میرے کام کے انجام میں اور میری دنیا اور آخرت میں تو اس کو میرے لیے مقدر فرمادے اور اس کو میرے لیے آسان فرمادے اور اگر تو چاہتا کہ یہ کام برا ہے میرے دین میں میری زندگی گزارنے میں اور میرے کام کے انجام میں اور میری دنیا اور آخرت میں تو اس کو مجھ سے اور مجھ کو اس سے دور فرمادے اور میرے لیے خیر مقدر فرمادے جہاں کہیں بھی ہو پھر اس پر مجھے راضی فرما۔
Top