Dure-Mansoor - Al-Ankaboot : 60
وَ كَاَیِّنْ مِّنْ دَآبَّةٍ لَّا تَحْمِلُ رِزْقَهَا١ۗۖ اَللّٰهُ یَرْزُقُهَا وَ اِیَّاكُمْ١ۖ٘ وَ هُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ
وَكَاَيِّنْ : اور بہت سے مِّنْ دَآبَّةٍ : جانور جو لَّا تَحْمِلُ : نہیں اٹھاتے رِزْقَهَا : اپنی روزی اَللّٰهُ : اللہ يَرْزُقُهَا : انہیں روزی دیتا ہے وَاِيَّاكُمْ : اور تمہیں بھی وَهُوَ : اور وہ السَّمِيْعُ : سننے والا الْعَلِيْمُ : جاننے والا
اور کتنے ہی چوپائے ہیں جو اپنا رزق نہیں اٹھاتے اللہ انہیں اور تمہیں رزق دیتا ہے اور وہ سننے والا ہے جاننے والا ہے
رسول اللہ ﷺ کا فقر اختیاری تھا 1۔ عبد بن حمید وابن ابی حاتم وابن مردویہ والبیہقی وابن عساکر ضعیف سند کے ساتھ ابن عمر ؓ سے روایت کیا کہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکلا یہاں تک کہ آپ مدینہ منورہ کے بعض باغات میں داخل ہوئے آپ نے گری ہوئی کھجوریں اٹھانی شروع فرماءٰں اور کھانے لگے مجھ سے فرمایا اے ابن عمر تجھے کیا ہوا تو نہیں کھاتا میں نے عرض کیا یارسول اللہ مجھے خواہش نہیں آپ نے فرمایا لیکن مجھے خواہش ہے اور یہ چوتھی صبح ہے کہ میں نے کوئی کھانا نہیں چکھا اور نہ اس کو پایا اگر میں چاہتاتو میں اپنے رب سے دعا کرتا کہ مجھے بھی کسری اور قیصر جیسے خزانے عطا فرمائیے۔ اے ابن عمر ؓ تیرا کیا خیال ہوتا جب تو ایسی قوم میں رہتا جو اپنے سال بھر کا رزق ذخیرہ کریں گے اور یقین کمزور ہوجائے گا ابن عمر ؓ نے فرمایا اللہ کی قسم ہم اپنی جگہ سے ہلے بھی نہیں تھے یہ آیت نازل ہوئی۔ وکاین من دابۃ لا تحمل رزقہا اللہ یرزقہا وایاکم وہو السمیع العلیم۔ اور کتنے ہی جانور اپنی روزی اپنے اوپر اٹھائے نہیں پھرتے اللہ ہی ان کو روزی دیتا ہے اور تم کو بھی اور وہی سننے والا جاننے والا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے مجھے دنیا کے خزانے جمع کرنے اور خواہشات کی پیروی کا حکم نہیں دیا خبردار اللہ کی قسم میں دینار اور درہم کا خزانہ ذخیرہ نہیں کرتا اور نہ ہی ذخیرہ کرتا ہوں کل کے لیے۔ 2۔ الفریابی وابن جریر وابن المنذر وابن ابی حاتم نے مجاہد (رح) سے روایت کیا کہ آیت وکاین من دابۃ لا تحمل رزقہا سے مراد ہے پرندے اور جانور۔ 3۔ ابن ابی شیبہ وابن جریر وابن المنذر وابن ابی حاتم نے علی بن اقمر (رح) سے روایت کیا کہ آیت وکاین من دابۃ لا تحمل رزقہا سے مراد ہے کہ وہ کل کے لیے کسی چیز کا ذخیرہ نہیں کرتے۔ 4۔ ابن جریر وابن المنذر نے ابومجلز (رح) سے اس آیت کے بارے میں روایت کیا کہ جانور کل کے لیے ذخیرہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے اسے ہر دن اللہ تعالیٰ رزق پہنچاتا ہے یہاں تک کہ وہ مرجاتے ہیں۔ 5۔ ابن جریر نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت فانی یوفکون سے مراد ہے آیت یعدلون یعنی وہ اعراض کرتے ہیں۔
Top