Dure-Mansoor - Aal-i-Imraan : 12
قُلْ لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوْا سَتُغْلَبُوْنَ وَ تُحْشَرُوْنَ اِلٰى جَهَنَّمَ١ؕ وَ بِئْسَ الْمِهَادُ
قُلْ : کہ دیں لِّلَّذِيْنَ : وہ جو کہ كَفَرُوْا : انہوں نے کفر کیا سَتُغْلَبُوْنَ : عنقریب تم مغلوب ہوگے وَتُحْشَرُوْنَ : اور تم ہانکے جاؤگے اِلٰى : طرف جَهَنَّمَ : جہنم وَبِئْسَ : اور برا الْمِهَادُ : ٹھکانہ
آپ ان لوگوں سے فرما دیجئے جنہوں نے کفر کیا کہ عنقریب تم مغلوب ہوگے اور جمع کئے جاؤگے دوزخ کی طرف اور وہ برا بچھونا ہے۔
(1) ابن اسحاق ابن جریر اور بیہقی نے دلائل میں حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو جب بدر میں جو کچھ (فتح) پہنچی اور مدینہ منورہ واپس لوٹے تو آپ ﷺ نے یہود کو بنو قینقاع کے بازار میں جمع کیا اور فرمایا اے یہود کے گروہ ! اسلام لے آؤ پہلے اس کے کہ تم کو وہ مصیبت پہنچ جائے جو قریش کو پہنچی تو انہوں نے کہا اے محمد ! اپنے میں غرور نہ کر اگر تو نے قریش میں سے کچھ لوگوں کو قتل کیا ہے تو وہ ناتجربہ کار تھے وہ لڑنا نہیں جانتے تھے اللہ کی قسم ! اگر آپ نے ہم سے قتال کیا تو آپ پہچان لیں گے کہ ہم (کیسے جنگجو) لوگ ہیں اور ہم جیسے (بہادر) لوگوں سے آپ کا واسطہ نہیں پڑا اس پر اللہ تعالیٰ نے اتارا لفظ آیت ” قل للذین کفروا ستغلبون وتحشرون الی جھنم “ سے لے کر ” لاولی الابصار “ تک۔ یہود کو جواب دیا گیا (2) ابن جریر ابن المنذر نے ابن اسحاق ابن جریر ابن ابی حاتم نے عاصم بن عمر اور قتادہ سے اسی طرح روایت کیا اور عکرمہ ؓ سے روایت کیا کہ فخاص یہودی نے بدر کے دن کہا محمد ﷺ غرور نہ کریں اگر آپ قریش پر اور ان کے قتل پر غالب آچکے ہیں کیونکہ قریش اچھی طرح جنگ نہیں کرسکتے اس پر یہ آیت نازل ہوئی لفظ آیت ” قل للذین کفروا ستغلبون “۔ (3) ابن جریر نے قتادہ (رح) سے روایت کیا ہے کہ لفظ آیت ” قد کان لکم ایۃ “ سے مراد عبرت اور غوروفکر کرنا ہے۔ (4) ابن اسحاق ابن جریر ابن ابی حاتم نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ لفظ آیت ” قد کان لکم ایۃ فی فئتین التقتا فءۃ تقال فی سبیل اللہ “ سے رسول اللہ ﷺ کے صحابہ مراد ہیں جو بدر میں تھے ” واخری کافرۃ “ سے قریش کفار کی جماعت مراد ہے۔ (5) عبد الرزاق نے المصنف میں عکرمہ ؓ سے روایت کیا ہے کہ اہل بدر کے بارے میں نازل ہوئی لفظ آیت ” واذ یعدکم اللہ احدی الطائفتین انھا لکم “ (انفال آیت 77) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی ” سیھزم الجمع ویولون الدبر “ (آیت 45) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی ” حتی اذا اخذنا مترفیہم بالعذاب اذا ہم یجئرون۔ “ (مؤمنون آیت 64) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی ” لیقطع طرفا من الذین کفروا “ (آل عمران آیت 27) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی ” لیس لک من الامر شیء “ (آل عمران آیت 128) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی لفظ آیت ” ولا تکونوا کالذین خرجوا من دیارہم بطرا ورئاء الناس ویصدون عن سبیل اللہ “ (انفال آیت 47) اور انہی کے بارے میں نازل ہوئی ” قد کان لکم ایۃ فی فئتین التقتا “ (آل عمران آیت 12) ۔ (6) ابن جریر ابن ابی حاتم نے ربیع (رح) سے روایت کیا ہے کہ لفظ آیت ” قد کان لکم ایۃ “ سے مراد ہے کہ تمہارے لیے ان لوگوں کے بارے میں عبرت ہے اور غوروفکر کی چیز ہے اللہ تعالیٰ نے ان کے دشمنوں پر ان کی مدد فرمائی اور یہ واقعہ بدر کے دن کا ہے مشرکین ساڑھے نو سو آدمی تھے اور رسول اللہ ﷺ کے اصحاب تین سو تیرہ تھے۔ (7) ابن جریر نے حضرت ابن مسعود ؓ سے لفظ آیت ” قد کان لکم ایۃ فی فئتین “ کے بارے میں روایت کیا کہ یہ واقعہ یوم بدر کا ہے ہم نے مشرکین کی طرف دیکھا تو وہ دوگنا دکھائی دیتے تھے پھر ہم نے ان کی طرف دیکھا تو ہم نے صرف ایک آدمی کو زیادہ دیکھا اپنی تعداد سے اور یہی اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے لفظ آیت ” واذ یریکموہم اذ التقیتم فی اعینکم قلیلا ویقللکم فی اعینہم “۔ (8) ابن جریر ابن ابی حاتم نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے کہ یہ آیت ” قد کان لکم ایۃ فی جئتین “ یوم بدر کو ایمان والوں پر تخفیف کے بارے میں نازل ہوئی اس دن وہ تین سو تیرہ آدمی تھے اور مشرکین ان کی دو مثل تھے یعنی چھ سو چھبیس اللہ تعالیٰ نے مومنین کی مدد فرمائی تو یہ ایمان والوں پر تخفیف کے بارے میں تھی۔ (9) ابن ابی شیبہ نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے کہ اہل بدر تین سو تیرہ تھے ان میں سے مہاجرین پچھہتر تھے اور بدر کی شکست (کافروں کے لیے) رمضان کی سترہ تاریخ جمعہ کی رات تھی۔ (10) الطستی نے اپنے مسائل میں حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کیا ہے کہ ان سے نافع بن ازرق نے لفظ آیت ” واللہ یؤید بنصرہ من یشاء “ کے بارے میں پوچھا تو فرمایا کہ وہ قوی کردیتا ہے اپنی مدد کے ساتھ جس کو چاہتا ہے انہوں نے عرض کیا، کیا عرب کے لوگ اس معنی کو جانتے ہیں فرمایا ہاں کیا تو نے حسان بن ثابت ؓ کا یہ قول نہیں سنا : برجال یستموا امثالہم ایدوا جبرئیل نصرا منزل ترجمہ : تم ان لوگوں کی مثل نہیں ہوسکتے جنہوں نے جبرئیل (علیہ السلام) کی مدد کی تو وہ اترے۔
Top