Dure-Mansoor - Al-Ghaashiya : 3
عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌۙ
عَامِلَةٌ : عمل کرنے والے نَّاصِبَةٌ : مشقت اٹھانیوالے
مصیبت جھیلنے والے، دکھ تکلیف اٹھانے والے ہوں گے
کفار کی عبادات فائدہ مند نہیں 7۔ عبدالرزاق وابن المنذر والحاکم نے ابوعمران جونی (رح) سے روایت کیا کہ عمر بن خطاب ؓ ایک راہب کے پاس سے گذرے کچھ دیر ٹھہرے تو راہب کو آواز دی گئی اور اس سے کہا گیا یہ امیر المومنین ہیں۔ پس وہ ظاہر ہوا تو وہ ایک انتہائی تکلیف اور مشقت میں انسان تھا اور اس نے دنیا کو چھوڑ رکھا تھا یعنی وہ کمزور ہوچکا تھا۔ جب عمر ؓ نے اس کو دیکھا تو رونے لگے۔ ان سے کہا گیا کہ یہ تو نصرانی ہے انہوں نے فرمایا میں جانتا ہوں لیکن مجھے اس پر رحم آگیا ہے۔ مجھے اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد یاد آگیا آیت عاملۃ ناصبۃ تصلی نارا حامیۃ۔ محنت کرنے والے تھکنے والے دھکتی ہوئی آگ میں گریں گے۔ پھر فرمایا مجھے ترس آیا اس کی تھکاوٹ اور مشقت پر حالانکہ یہ آگ میں ہوگا۔ 8۔ ابن ابی حاتم نے عکرمہ (رح) سے آیت عاملۃ ناصبہ کے بارے میں روایت کیا کہ وہ دنیا میں گناہوں کے سبب تھکنے والے ہیں۔ ان کو قیامت کے دن آگ میں کھڑا کیا جائے گا الا من ضریع یعنی کھانا کانٹے دار جھاڑ ہوگا۔
Top