Tafseer-e-Haqqani - Yunus : 62
اَلَاۤ اِنَّ اَوْلِیَآءَ اللّٰهِ لَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚۖ
اَلَآ : یاد رکھو اِنَّ : بیشک اَوْلِيَآءَ اللّٰهِ : اللہ کے دوست لَا خَوْفٌ : نہ کوئی خوف عَلَيْهِمْ : ان پر وَلَا : اور نہ ھُمْ : وہ يَحْزَنُوْنَ : غمگین ہوں گے
دیکھو اللہ کے دوستوں پر نہ کچھ خوف ہے اور نہ کچھ غم کریں گے
اولیاء اللہ کے لئے لاخوف علیہم ولاھم یحزنون فرماتا ہے کہ بعد مردن نہ ان کو کسی مصیبت آیندہ کا خوف ہوگا نہ کسی گذشتہ بات پر حزن (غم) ہوگا اور نیز استغراق اور قرب الٰہی کی وجہ سے ان کے دل ایسے ہوجاتے ہیں کہ جس میں خوف و حزن کے لئے جگہ ہی باقی نہیں رہتی۔ کیسی ہی مصائب پیش آئیں اور کتنی ہی سختیاں آجائیں مگر وہ محو تماشای جمالِ با کمال ہیں۔ اس لذت کے آگے وہ خبر بھی نہیں ہوتے۔ قرون ثلاثہ کے بعد حضرت محبوب سبحانی سیدنا عبدالقادر جیلانی اور حضرت خواجہ معین الدین چشتی اور حضرت خواجہ بہاء الدین نقشبندی وغیرہم بہت سے اس امت مرحومہ میں گذرے ہیں کہ جو انبیائِ بنی اسرائیل کے خرق عادات و کرامات میں ہم پلہ تھے اور ہمیشہ کم زیادہ ایسے ہوتے رہیں گے۔ یہ بھی آنحضرت سرور کائنات (علیہ السلام) کا ایک فیض جاری ہے۔ منکر کی آنکھیں نہ ہوں تو کوئی کیا کرے اسی پر بس نہیں بلکہ لہم البشرٰی فی الحیوۃ الدنیا والآخرۃ اس میں چند اقوال ہیں : (1) بشریٰ سے مراد وہ جنت کی خوش خبری ہے جو ان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب اور انبیاء (علیہم السلام) کی معرفت دی ہے جیسا کہ فرماتا ہے یبشرھم ربہم برحمۃ منہ و رضوان۔ (2) یہ کہ موت کے وقت ان کو ایک خوشی اور فرحت حاصل ہوگی کہ آج قفس تاریک سے طائرِ روح باغ خلد میں جاتا ہے۔ آج محبوب حقیقی اپنے پاس بلاتا ہے قال تعالیٰ تتنزل علیہم الملائکۃ ان لا تخافوا ولا تحزنوا وابشروا بالجنۃ (3) یہ کہ خلق خدا خصوصاً ایمانداروں کے دلوں میں ان کی محبت اور ذکر خیر اور عزت و عظمت پیدا کی جاتی ہے کیونکہ جو محبوب حقیقی کے قریب ہوجاتا ہے۔ اس پر بھی اسی محبوبیت کا اثر ڈالا جاتا ہے۔ اسی لئے آپ دیکھئے کہ حضرت محبوب سبحانی وغیرہ اولیاء اللہ کی محبت و عظمت کیسی امت کے دل میں پھیلائی گئی ہے سینکڑوں اس حرص میں مرگئے ہوں گے مگر یہ مرتبہ بجز محبوبان خدا کسی کو نصیب ہوتا ہے ! اس کے بعد وہ جو مخالفین اپنی شوکت وہیبت سے آنحضرت ﷺ کو دھمکاتے تھے اس کی نسبت فرماتا ہے ولایحزنک قولہم آپ ان کی باتوں سے غم نہ کیجئے۔ کس لئے کہ ان العزۃ للّٰہ جمیعا کہ عزت و آبرو اسی کے ہاتھ میں ہے۔ اس نے بڑے بڑے مشرکوں کو خاک میں ملایا ہے۔ پھر الا ان الخ سے اس بات کی تائید کرتا ہے کہ کار شیطان میکند نامش ولی گر ولی انیست لعنت برولی
Top