Tafseer-e-Haqqani - Al-Furqaan : 61
تَبٰرَكَ الَّذِیْ جَعَلَ فِی السَّمَآءِ بُرُوْجًا وَّ جَعَلَ فِیْهَا سِرٰجًا وَّ قَمَرًا مُّنِیْرًا
تَبٰرَكَ : بڑی برکت والا ہے الَّذِيْ جَعَلَ : وہ جس نے بنائے فِي السَّمَآءِ : آسمانوں میں بُرُوْجًا : برج (جمع) وَّجَعَلَ : اور بنایا فِيْهَا : اس میں سِرٰجًا : چراغ (سورج) وَّقَمَرًا : اور چاند مُّنِيْرًا : روشن
اس کی ذات بڑی بابرکت ہے کہ جس نے آسمان میں برج بنائے اور ان میں چراغ (آفتاب) اور چمکتا ہوا چاند بھی بنایا۔
تفسیر : تبارک الذی الخ یہ جواب ہے ان کے اس قول کا وما الرحمن کہ کیا ہے رحمن ! وہ بابرکت ہے کہ جس نے آسمان میں برج بنائے اور اس میں سراج یعنی آفتاب بنایا ہے جو تمام دنیا کا چراغ ہے اگر یہ نہ ہوتا تو اندھیرا ہوجاتا اور رات کے لیے بھی اس نے چاند چمکتا بنایا ہے۔ مطلب یہ کہ رحمان وہ ہے کہ جس نے دنیا کا گھر بنایا اور اس گھر میں آفتاب و ماہتاب کی قندیلیں روشن کیں اور اس گھر میں تمہارے لیے ہر ایک قسم کا سامان معیشت بہم پہنچایا۔ پھر کہتے ہو کہ رحمان کون ہے اور اس کے سجدہ کرنے سے نفرت کرتے ہو ؟ اور اس پر بس نہ کیا بلکہ اس نے رات دن بنائے جو ایک کے بعد دوسرا آتا ہے رات کے بعد دن اور دن کے بعد رات یا یوں کہو ایک دوسرے کے مخالف ہے یہ مجاہد وقتادہ وکسائی کا قول ہے۔ یقال لکل شی ئٍ اختلفا ھمالفان فقولہ خلفتہ ای مختلفین ھذا اسود وھذا بیض و ھذا طویل وھذا قصیر اگر ہمیشہ رات یا دن ہوتا تو نظام عالم نہ رہتا۔ فرماتا ہے یہ شکر کرنے والوں اور سمجھنے والوں کے لیے ہے جعل فی السماء بروجا آسماں میں تاروں کے اجتماع سے مختلف صورتیں پیدا ہوگئیں کہیں شیر کی ‘ کہیں ترازو کی کہیں بیل کی ‘ کہیں مچھلی کی ‘ وغیرہ اور آسمان کو حکماء نے بارہ حصوں میں خیالی طور پر اس طرح سے تقسیم کیا ہے کہ جس طرح خربوزہ کی قاشیں اور ہر ایک حصہ کا نام برج رکھا ہے اور جن برج میں صور مذکورہ میں سے جو کسی کی صورت آگئی ہے اس کو اس کے نام سے نامزد کردیا ہے۔ جس میں شیر کی صورت ہے اس کو برج اسد کہتے ہیں جس میں مچھلی کی اس کو برج حوت علی ہذالقیاس اور یہ بات عرب میں ہمیشہ سے مسلم چلی آتی تھی وعباد الرحمن الخ یہاں سے ان پر تعریض کرتا ہے کہ تم رحمان کو کیا جانتے ہو تم تو شیطان کے بندے بنے ہوئے ہو۔ دیکھو رحمان کے بندے یہ لوگ ہیں جن میں یہ خوبیاں پائی جاتی ہیں یہاں سے پھر احکام اور قوت عملیہ کی تکمیل کا مسئلہ اس خوبی اور مناسبت سے شروع کرتا ہے۔
Top