Tafseer-Ibne-Abbas - Aal-i-Imraan : 113
لَیْسُوْا سَوَآءً١ؕ مِنْ اَهْلِ الْكِتٰبِ اُمَّةٌ قَآئِمَةٌ یَّتْلُوْنَ اٰیٰتِ اللّٰهِ اٰنَآءَ الَّیْلِ وَ هُمْ یَسْجُدُوْنَ
لَيْسُوْا : نہیں سَوَآءً : برابر مِنْ : سے (میں) اَھْلِ الْكِتٰبِ : اہل کتاب اُمَّةٌ : ایک جماعت قَآئِمَةٌ : قائم يَّتْلُوْنَ : وہ پڑھتے ہیں اٰيٰتِ اللّٰهِ : اللہ کی آیات اٰنَآءَ الَّيْلِ : اوقات۔ رات وَھُمْ : اور وہ يَسْجُدُوْنَ : سجدہ کرتے ہیں
یہ بھی سب ایک جیسے نہیں ہیں ان اہل کتاب میں کچھ لوگ (حکم خدا پر) قائم بھی ہیں جو رات کے وقت خدا کی آیتیں پڑھتے اور (اسکے آگے) سجدے کرتے ہیں
(113۔ 114) ہاں اہل کتاب میں سے جو حضرات اسلام قبول کرچکے، وہ ان کی طرح نہیں ہیں جو ایمان نہیں لائے ان میں انصاف والی ایک جماعت وہ بھی ہے جو ہدایت اور توحید خداوندی پر قائم ہے جیسا کہ یہ عبداللہ بن سلام ؓ اور ان کے ساتھی یہ حضرات راتوں کو نماز میں قرآن کریم پڑھتے ہیں اور پابندی سے نمازوں کا اہتمام رکھتے ہیں اور تمام کتب سماویہ اور تمام رسولوں اور مرنے کے بعد زندہ ہونے اور جنت کی نعمتوں رکھتے ہیں۔ اور اس کے ساتھ ساتھ توحید اور رسول اکرم ﷺ کی پیروی کا حکم اور کفر وشرک اور شیطان کی پیروی سے روکتے اور نیکیوں میں سبقت کرتے ہیں یہی لوگ رسول اکرم ﷺ کی امت میں نیکو کار ہیں یا یہ کہ رسول اکرم ﷺ کی امت میں جو حضرات سب سے بڑھ کر نیکو کار ہیں، جیسا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ اور ان کے ساتھی یہ لوگ جنت میں ان حضرات کے ساتھ ہوں گے۔ شان نزول : (آیت) ”لیسوا سوآء من اھل الکتب“۔ (الخ) ابن ابی حاتم ؒ ، طبرانی ؒ اور ابن مندہ ؒ نے ابن عباس ؓ سے روایت کی ہے کہ جس وقت حضرت عبداللہ بن سلام ؓ ثعلبہ بن سعید ؓ اسید بن عبد ؓ اور ان کے ساتھ یہودیوں میں سے اور حضرات مشرف بااسلام ہوگئے اور انہوں نے سچائی کے ساتھ ایمان قبول کیا اور اسلام میں جوش اور رغبت پید ا کی تو یہود علماء اور کافر بولے کہ ہم میں جو برے ہیں وہ رسول اکرم ﷺ پر ایمان لائے ہیں اور جو ہم میں پسندیدہ ہیں انہوں نے اپنے آباؤ اجداد کے دین کو نہیں چھوڑا اور نہ دوسرے دین کو اختیار کیا اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی کہ اہل کتاب میں سے یہ سب برابر انہین۔ (لباب النقول فی اسباب النزول از علامہ سیوطی (رح) اور امام احمد وغیرہ نے ابن مسعود ؓ سے روایت نقل کی ہے کہ ایک مرتبہ رسول اکرم ﷺ نماز عشاء میں کچھ دیر تشریف لائے تو صحابہ کرام کو دیکھا کہ وہ نماز کے انتظار میں بیٹھے ہیں، آپ ﷺ نے فرمایا تم لوگوں کے علاوہ کوئی دین والا بھی ایسا نہیں جو اس وقت اللہ تعالیٰ کو یاد کرے، اس وقت یہ آیت مبارکہ نازل ہوئی۔
Top