Tafseer-e-Jalalain - An-Nahl : 120
اِنَّ اِبْرٰهِیْمَ كَانَ اُمَّةً قَانِتًا لِّلّٰهِ حَنِیْفًا١ؕ وَ لَمْ یَكُ مِنَ الْمُشْرِكِیْنَۙ
اِنَّ : بیشک اِبْرٰهِيْمَ : ابراہیم كَانَ : تھے اُمَّةً : ایک جماعت (امام) قَانِتًا : فرمانبردار لِّلّٰهِ : اللہ کے حَنِيْفًا : یک رخ وَ : اور لَمْ يَكُ : نہ تھے مِنَ : سے الْمُشْرِكِيْنَ : مشرک (جمع)
بیشک ابراہیم (لوگوں کے) امام (اور) خدا کے فرمانبرادار تھے۔ جو ایک طرف کے ہو رہے تھے اور مشرکوں میں سے نہ تھے۔
آیت نمبر 120 تا 128 ترجمہ : بیشک ابراہیم (علیہ السلام) امام، پیشوا تھے کہ جو تمام اچھی خصلتوں کے جامع تھے اللہ کے فرمانبردار دین قیم کی طرف رخ کرنے والے تھے وہ مشرکوں میں سے نہ تھے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے شکر گذار تھے اللہ نے ان کو برگزیدہ بنایا تھا اور انھیں راہ راست سمجھا دی تھی، اور ہم نے ان کو دنیا میں بھی بہتری دی تھی اور ہر مذہب (وملت) کے لوگوں میں ان کا ذکر جمیل ہے، اس میں غیبت سے (تکلم) کی جانب التفات ہے اور وہ آخرت میں بھی نیکوں کاروں میں ہوں گے ایسے لوگوں میں کہ ان کے لئے بلند درجات ہوں گے پھر اے محمد ﷺ ہم نے آپ کی طرف وحی بھیجی کہ آپ ملت ابراہیم حنیف کی پر وی کریں اور ابراہیم مشرکوں میں سے نہ تھے اس آیت کو یہود و نصاری کے اس دعوے کو رد کرنے کے لئے مکرر لایا گیا ہے کہ وہ ابراہیم (علیہ السلام) کی ملت پر ہیں ہفتہ کے دن کی عظمت ان ہی لوگوں پر فرض کی گئی تھی جنہوں نے اپنے نبی سے اختلاف کیا تھا اور وہ یہود ہیں، ان کو حکم دیا گیا کہ وہ عبادت کے لئے جمعہ کے دن فارغ رہیں تو انہوں نے کہا ہم اس کا ارادہ نہیں رکھتے (یعنی ہم اس کو پسند نہیں کرتے) اور انہوں نے ہفتہ کے دن کو پسند کرلیا، تو اللہ نے ہفتہ کے دن میں سختی فرمائی، اور یقیناً آپ کا رب جس چیز میں یہ لوگ اختلاف کررہے ہیں قیامت کے روز اس کے بارے میں فیصلہ کردے گا اس طریقہ پر کہ فرمانبردار کو ثواب دے گا، اور یوم السبت کی بےحرمتی کرکے نافرمانی کرنے والوں کو عذاب دیگا اے محمد ﷺ آپ لوگوں کو اپنے رب کے دین کی طرف حکمت (یعنی) قرآن کے ذریعہ اور اچھی نصیحتوں کے ذریعہ دعوت دیجئے یا نرم گفتاری کے ساتھ دعوت دیجئے، اور ان سے بہتر طریقہ سے بحث کیجئے مثلاً اللہ کی آیات کے ذریعہ اللہ کی طرف بلانا اور اس کے دلائل کی طرف دعوت دینا، یقیناً آپ کا رب ان لوگوں کو خوب جانتا ہے جو اس کی راہ سے بھٹکے ہوئے ہیں، اور وہ ہدایت یافتہ لوگوں سے بھی بخوبی واقف ہے لہٰذا وہ ان کو سزا دے گا، اور یہ حکم جہاد کا حکم نازل ہونے سے پہلے کا ہے اور (آئندہ آیت) اس وقت نازل ہوئی جب حضرت حمزہ قتل کردیئے گئے اور ان کو مسخ کردیا گیا، تو آپ ﷺ نے جب ان کو دیکھا تو فرمایا کہ میں ان کے بدلے میں ان کے ستر آدمیوں کو ضرور مثلہ (مسخ) کروں گا، اور اگر تم بدلہ لو تو اتنا ہی جتنا تمہیں صدمہ پہنچا ہے اور اگر تم انتقام سے صبر کرو تو یہ صبر، صبر کرنے والوں کے لئے بہتر ہے چناچہ آپ ﷺ اپنے ارادہ سے رک گئے اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کردیا (رواہ البزار) آپ صبر کریں اور آپ کا صبر کرنا بھی اللہ ہی کی توفیق سے ہے اور آپ کے ان ایمان کے بارے میں شدید حریص ہونے کی وجہ سے اگر وہ ایمان نہ لائیں تو آپ غم زدہ نہ ہوں اور ان کے مکر سے آپ تنگدل نہ ہوں یعنی ان کے مکر سے رنجیدہ نہ ہوں اسلئے کہ ہم یقیناً ان کے مقابلہ میں آپ کے مددگار ہیں بیشک اللہ ان لوگوں کیساتھ ہے جو کفر و معاصی سے بچتے ہیں اور مدد و نصرت کے ذریعہ ان لوگوں کیساتھ ہے جو طاعت و صبر کے ذریعہ نیکو کار ہیں تحقیق و ترکیب وتسہیل وتفسیری فوائد قولہ : اُمُّۃ، لفظِ اُمَّۃ کے بارے میں مفسرین سے متعدد اقوال منقول ہیں، اس آیت میں حضرت ابراہیم (علیہ السلام) پر اُمَّۃ کا اطلاق کیا گیا ہے، یا تو اس لئے کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) تنہا صفات کمالیہ کے جامع ہونے کے اعتبار سے ایک امت کے قائم مقام تھے جیسا کہ کسی شاعر نے کہا ہے۔ ؂ لیس من اللہ بمستنکر ان یجمعَ العالمَ فی واحد دوسری وجہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو امت کہنے کی یہ ہوسکتی ہے کہ آپ اپنے زمانہ میں تنہا مومن تھے باقی سب کفار تھے اسی وجہ سے آپ کو امت کہا گہا ہے، تیسری وجہ یہ ہے کہ امّۃ بمعنی ماموم یعنی مقتداء و امام جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ” اِنِّیْ جاعلک للناس اماما “ مذکورہ تینوں توجیہوں کی روشنی میں یہ اعتراض ختم ہوگیا کہ امّۃ کا اطلاق حضرت ابراہیم (علیہ السلام) پر درست نہیں ہے اسلئے کہ حضرت ابراہیم واحد تھے اور امتہ کا اطلاق جمع پر ہوتا ہے۔ قولہ : اجتباہ، ای للنبوۃ . قولہ : فُرِضَ ، اس میں اشارہ ہے کہ جُعلَ بمعنی فُرِضَ ہے۔ قولہ : تعظیمہ، اس میں حذف مضاف کی طرف اشارہ ہے، اسلئے کہ فرض کا تعلق فعل سے ہوتا ہے نہ کہ اشیاء اور ازمان سے اور سبت زمان ہے۔ قولہ : القول الرفین، رفیق، رِفق سے ماخوذ ہے اس کے معنی نرمی اور سہولت کے مطلب یہ ہے کہ دین کی دعوت نرم گفتاری، شریں بیانی سے دیجئے۔ تفسیر وتشریح ربط آیات : سابقہ آیات میں اصول شرک و کفر یعنی انکار توحید و رسالت پر رد اور حلت و حرمت کے بعض فروعی احکام کا ذکر تھا، مشرکین مکہ قرآن مجید کے اولین مخاطب تھے اپنے کفر وبت پرستی کے باوجود دعویٰ یہ کرتے تھے کہ ہم ملت ابراہیمی کے پابند ہیں اور ہم جو کچھ کرتے ہیں یہ سب ابراہیم (علیہ السلام) کی تعلیمات ہیں، اس لئے ان مذکورہ چار آیتوں میں ان کے اس دعوے کی تردید کی گئی ہے۔ ان۔۔۔ امۃ، یعنی وہ اکیلا انسان بجائے خود اپنی ذات میں ایک امت تھا، جب دنیا میں کوئی مسلمان نہ تھا تو ایک طرف وہ اکیلا اسلام کا علمبردار تھا اور دوسری طرف ساری دنیا کفر کی علمبردار تھی اس اکیلے بندۂ خدا نے وہ کام کیا جو ایک امت کے کرنے کا تھا وہ ایک شخص نہ تھا بلکہ پوری ایک امت تھا۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے مقتداء ہونے کا تو عالم ہے کہ پوری دنیا کے تمام مشہور مذاہب کے لوگ سب آپ پر اعتماد کرتے ہیں اور آپ کی اتباع کو عزت اور فخر جانتے ہیں، یہود ” نصاریٰ “ مسلمان تو ان کی تعظیم کرتے ہی ہیں مشرکین عرب بت پرستی کے باوجود اس بت شکن کے معتقد اور ان کی ملت پر چلنے کو فخر سمجھتے تھے، اور حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا قانِتْ و مطیع ہونے کا خاص امتیاز ان امتحانات سے واضح ہوجاتا ہے جن سے اللہ کے یہ خلیل گذرے ہیں، آتش نمرود، اہل و عیال کو لق و مطیع ہونے کا خاص امتیاز ان امتحانات سے واضح ہوجاتا ہے جن سے اللہ کے یہ خلیل گذرے ہیں، آتش نمرود، اہل و عیال کو لق ودق میدان میں چھوڑ کر چلے آنے کا حکم، پھر بڑی آرزؤں، اور تمناؤں اور دعاؤں سے ہونے والے بیٹے کی قربانی پر آمادگی یہ سب وہ امتیازات ہیں جن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کو ان القاب سے معزز فرمایا۔ غرضیکہ جتنی خوبیاں ہوسکتی ہیں وہ سب حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کی ذات میں جمع ہوگئی تھیں، صاحب مال، صاحب اولاد، پاکیزہ رو، پسندیدہ خو، حوصلہ مند، فیاض، مہمان نواز، صابر وشاکر سب ہی کچھ آپ تھے۔ انما۔۔۔ فیہ، اس اختلاف کی نوعیت کیا ہے، اس میں چند اقوال ہیں، بعض کہتے ہیں کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے ان کے لئے جمہ کا دن عبادت کے لئے فارغ رکھنے کے لئے فرمایا تھا لیکن بنی اسرائیل نے ان سے اختلاف کیا اور ہفتہ کا دن اپنے اس اجتہاد سے کہ ہفتہ کے دن اللہ نے بھی چھٹی رکھی تھی اس لئے ہمیں بھی یہی دن رکھنا چاہیے، حق تعالیٰ نے حضرت موسیٰعلیہ الصلاۃ والسلام سے فرمایا اے موسیٰ انہوں نے جو دن پسند کیا ہے وہی دن رہنے دو اللہ تعالیٰ نے ہفتہ کے دن میں مچھلی کا شکار کرنے سے ممانعت فرما کر ان کی آزمائش فرمائی اور مچھلیاں دیگر دنوں کی بہ نسبت ہفتہ کے دن زیادہ نمودار ہوتی تھیں، اور نصاری نے یہود کی ضد میں اتوار کا دن عبادت کے لئے فارغ کیا اور دلیل یہ دی کہ کائنات کی تخلیق کی ابتداء چونکہ اللہ تعالیٰ نے اتوار سے فرمائی تھی اسلئے ہمیں اس روز چھٹی رکھنی چاہیے اور مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے جمعہ کا دن مقرر کردیا۔ ادع۔۔۔ والموعظۃ (الآیۃ) اس آیت میں تبلیغ و دعوت کے اصول بیان کئے گئے ہیں جو حکمت، موعظۂ حسنہ اور رفق و ملائمت پر مبنی ہیں، جدال بالا حسن، درشتی و تلخی سے بچتے ہوئے نرم و مشفقانہ لب و لہجہ اختیار کرنا ہے، یعنی آپ کا کام مذکورہ اصولوں کے مطابق و عظ و تبلیغ ہے، ہدایت کے راستہ پر چلا دینا یہ صرف اللہ کے اختیار میں ہے اور وہ جانتا ہے کہ ہدایت قبول کرنے والا کون ہے اور کون نہیں ؟ وان۔۔۔ عوقبتم، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگرچہ بدلہ لینے کی اجازت ہے بشرطیکہ تجاوزنہ ہو ورنہ یہ خود ظالم ہوجائیگا، تاہم معاف کردینے اور صبر اختیار کرنے کو زیادہ بہتر قرار دیا گیا ہے۔ تم بحمد اللہ
Top