Tafseer-e-Jalalain - At-Tur : 29
فَذَكِّرْ فَمَاۤ اَنْتَ بِنِعْمَتِ رَبِّكَ بِكَاهِنٍ وَّ لَا مَجْنُوْنٍؕ
فَذَكِّرْ : پس نصیحت کیجیے فَمَآ اَنْتَ : پس نہیں آپ بِنِعْمَتِ : نعمت سے رَبِّكَ : اپنے رب کی بِكَاهِنٍ : کا ھن وَّلَا مَجْنُوْنٍ : اور نہ مجنون
تو (اے پیغمبر ! ) تم نصیحت کرتے رہو تم اپنے پروردگار کے فضل سے نہ تو کاہن ہو اور نہ دیوانے
ترجمہ : تو آپ سمجھاتے رہیں (یعنی) مشرکین کو سمجھانے کی پابندی رکھیں، اور ان کے آپ کو کاہن مجنون کہنے کی وجہ سے سمجھانے سے کنارہ کشی نہ کریں، اس لئے کہ آپ اپنے رب کے فضل سے یعنی آپ پر اس کے انعام سے نہ کاہن ہیں اور نہ مجنون بکاھن ما کی خبر ہے اور ولا مجنون اس پر معطوف ہے کیا کافریوں کہتے ہیں کہ یہ شاعر ہے ہم اس پر زمانہ کے حوادثات کا انتظار کر رہے ہیں، سو دیگر شعرئا کے مانند یہ بھی ہلاک ہوجائے گا آپ کہہ دیجیے کہ تم میری ہلاکت کا انتظار کرو میں بھی تمہارے ساتھ تمہاری ہلاکت کا منتظر ہوں چناچہ یوم بدر میں تلوار کے ذریعہ ان کو سزا دی گئی، اور تربض کے معنی انتظار کے ہیں کیا ان کی عقلیں انہیں یہی سکھاتی ہیں یعنی آپ کے بارے میں ساحر، کاہن، شاعر، مجنون کہنا (سکھاتی ہیں) یکنی ایسا نہیں سکھاتیں، یا اپنے اعتماد کی وجہ سے یہ لوگ ہی سرکش ہیں کیا وہ یہ کہتے ہیں کہ قرآن اس نے خود گھڑ لیا ہے یعنی خود قرآن کا اختراع کرلیا ہے بلکہ واقعہ یہ ہے کہ یہ لوگ تکبر کی وجہ سے ایمان نہیں لاتے پس اگر ان کا یہی کہنا ہے کہ یہ قرآن ان کا خود ساختہ ہے تو یہ بھی اس طرح کا کوئی کلام بنا کرلے آئیں اگر یہ اپنے قول میں سچے ہیں کیا یہ لوگ بدون کسی خالق کے خود بخود پیدا ہوگئے ہیں یا یہ خود اپنے خلاق ہیں اور یہ بات عقل کے خلاف ہے کہ کسی مخلوق کا وجود خالق کے بغیر ہو اور نہ یہ بات سمجھ میں آنے والی ہے کہ معدوم کسی کو پیدا کرسکے لہٰذا (یہ بات ثابت ہوگئی) کہ ان کا کوئی نہ کوئی خالق ضرور ہے اور وہ تنہا اللہ ہے بس کس لئے اس کی توحید کے قائل نہیں ہوتے اور اس کے رسولوں پر اور کتابوں پر ایمان نہیں لاتے کیا انہوں نے ہی آسمان اور زمین پیدا کئے ہیں ؟ حالانکہ ان کی تخلیق پر اللہ خلاق کے علاوہ کوئی قادر نہیں تو پھر اس کی بندگی کیوں نہیں کرتے بلکہ واقعہ یہ ہے کہ یہ لوگ یقین نہیں رکھتے ورنہ تو اس کے نبی پر ایمان لے آتے، کیا ان کے قبضہ میں ہیں نبوت اور رزق وغیرہ کے تیرے رب کے خزانے کو وہ جس کے لئے چاہیں اور جو چاہیں مخصوص کردیں یا یہ لوگ حاکم ہیں (یعنی) مسلط حاکم ہیں اور اس کا فعل صیطر ہے اور اس کے مانند بیطر وبیقر ہے (بیطر، بیطار) سے ہے جانوروں کے معالج کو کہتے ہیں اور بیقر بمعنی شق و افسد و اھلک ہے) یا کیا ان کے پاس سیڑھی ہے ؟ آسمان پر چڑھنے کا آلہ کہ اس پر چڑھ کر فرشتوں کی باتیں سن لیتے ہوں حتی کہ ان کے لئے نبی ﷺ کے ساتھ ان کے خیال میں منازعات کرنا ممکن ہوگیا ہو، اگر ان کا یہ دعویٰ ہے تو وہ سننے کا دعویدار اس پر کوئی واضح دلیل پیش کرے اور اس زعم کے، ان کے اس زعم کے مشابہ ہونے کی وجہ سے کہ فرشتے اللہ کی بٹیاں ہیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کیا اللہ کے لئے تمہارے زعم میں بیٹیاں ہیں اور تمہارے لئے بیٹے ہیں اللہ تعالیٰ اس سے بری ہے جو یہ گمان کرتے ہیں کیا آپ ان سے اس دین پر جو آپ ان کے پاس لے کر آئے ہیں کوئی اجرت طلب کرتے ہیں ؟ کہ وہ اس کے بوجھ سے دبے جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اسلام قبول نہیں کرتے یا ان کے پاس غیب یعنی علم غیب ہے جسے یہ لکھ لیتے ہیں حتی کہ ان کے لئے نبی ﷺ کے ساتھ ان کے خیال میں بعث اور امر آخرت میں نزاع کرنا ممکن ہوگیا کیا یہ لوگ آپ کے ساتھ دار الند وہ میں کوئی فریب کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ آپ کو ہلاک کردیں، تو آپ یقین کرلیں فریب خوردہ مغلوب ہونے والے ہلاک ہونے والے یہ کافر ہی ہیں چناچہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی ان سے حفاظت فرمائی پھر ان کو بدر میں ہلاک کردیا کیا اللہ کے سوا ان کا کوئی اور معبود ہے ؟ سبحان اللہ (ہرگز نہیں) اللہ تعالیٰ (معبود ان باطلہ) میں سے ہر اس معبود سے پاک ہے جس کو یہ اس کے ساتھ شریک کرتے ہیں اور استفہام ام کے ساتھ تمام مقامات میں تقبیح و توبیخ کے لئے ہے، اگر یہ لوگ آسمان کے کسی ٹکڑے کو اپنے اوپر گرتا ہوا دیکھ لیں جیسا کہ انہوں نے کہا تھا کہ آسمان کا کوئی ٹکڑا ہمارے اوپر گرا دو یعنی ان کو عذاب دینے کے لئے تو کہہ دیں گے کہ یہ تو تہ بہ تہ بادل ہے یعنی جما ہوا بادل ہے جس سے ہم سیراب ہوں گے اور اس پر ایمان نہ لائیں، تو آپ انہیں چھوڑ دیجیے یہاں تک کہ انہیں اپنے اس دن سے سابقہ پڑے جس دن میں ان کی موت واقع ہوگی جس دن ان کی تدبیریں ان کے کچھ کام نہ آئیں گی (یوم لایغنی) یومھم سے بدل ہے اور نہ ان کو مدد ملے گی یعنی آخرت میں ان سے عذاب دفع نہ کیا جائے گا اور ان کے لئے جہنموں نے اپنے کفر کے ذریعہ ظلم کیا ہے اس عذاب سے قبل بھی عذاب ہونے والا ہے یعنی دنیا میں ان کی موت سے پہلے، چناچہ بھوک اور قحط کے ذریعہ سات سال تک عذاب میں مبتلا کئے گئے او یوم بدر میں قتل کے ذریعہ لیکن ان میں اکثر کو معلوم نہیں کہ ان کے اوپر عذاب نازل ہوگا اور آپ اپنے رب کی (اس) تجویز پر صبر کیجیے اور ان کو مہلت دے کر اور آپ دل تنگ نہ ہوں کہ آپ ہماری حفاظت میں ہیں یعنی آپ ہماری نظروں کے سامنے ہیں ہم آپ کو دیکھ رہے ہیں اور آپ کی حفاظت کر رہے ہیں، اور آپ اپنے رب کی سو کر اٹھنے کے بعد یا اپنی مجلس سے اٹھنے کے بعد تسبیح وتحمید کیجیے یعنی سبحان اللہ وبحمدہ کہئے، اور رات میں بھی اس کی حقیقتاً تسبیح کیا کیجیے اور ستاروں کے ڈوبنے کے بعد بھی ادبار مصدر ہے یعنی ستاروں کے غروب ہونے کے بعد بھی تسبیح بیان کیجیے اور اول میں مغرب و عشاء کی نماز پڑھنا مراد ہے اور ثانی میں سنت فجر اور کہا گیا ہے صبح کی نماز مراد ہے۔ تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد قولہ :۔ دم علی تذکیر المشرکین، فذکر کی تفسیر دم سے کر کے اس بات کی طرف اشارہ کردیا کہ ذکر اثبت کے معنی میں ہے یعنی جس طرح آپ اب تک ان کو نصیحت کرتے رہے آئندہ بھی اس طرز کو باقی رکھئے ان کی یادہ گوئی کی وجہ سے تنگ دل ہو کر ان سے بےرخی اور کنارہ کشی اختیار نہ کیجیے۔ قولہ :۔ بنعمۃ ربک ای بفضل ربک قولہ :۔ فما انت بنعمۃ ربک بکاھن ولا مجنون باء قسم کے لئے نعمۃ ربک مقسم بہ ہے جو کہ ما کے اسم (انت) اور خبر (کاہن) کے درمیان واقع ہے، تقدیر عبارت یہ ہے ماانت و نعمۃ ربک بکاھن ولا مجنون، کاہن اس شخص کو کہتے ہیں جو دعویٰ کرے کہ میں بغیر وحی کے غیب جانتا ہوں اور بعض حضرات نے کہا کہ بنعمۃ میں باء سبیہ ہے اور جملہ منقیہ کے مضمون سے متعلق ہے، معنی یہ ہیں انتفی عنک الکھانۃ والجنون بسبب نعمۃ اللہ علیک یعنی آپ سے بفضلہ تعالیٰ کہانت اور جنون منتقی ہے۔ (فتح القدیر شو انی) قولہ :۔ ام بل یقولون، ام ان آیات میں پندرہ جگہ آیا ہے ہر جگہ اس کی تقدیر بل اور ہمزہ کے ساتھ ہے اور ہمزہ استفہام انکاری تو بیخی کے لئے ہے، لہٰذان مفسر علامہ کے لئے مناسب تھا کہ ہر جگہ بل اور ہمزہ کے ساتھ مقدر مانتے۔ (صاوی) قولہ :۔ قل تربصوا امر تہدید کے لئے۔ قولہ :۔ احلامھم حلم اور حلم دونوں کی جمع ہے حلم کے معنی خواب کے ہیں اور حلم کے عمنی برد باری کے ہیں اور چونکہ بردباری عقل کی وجہ سے ہوتی ہے اس لئے حلم کے معنی عقل کے بھی لئے جاتے ہیں گویا کہ یہاں مسبب بول کر سبب مراد لیا ہے۔ قولہ :۔ لم یختلقہ اس سے اشارہ کردیا کہ ام یقولون تقولہ میں ہمزہ استفہام انکاری ہے۔ قولہ :۔ فان قالوا، اختلقہ مقدر مان کر اشارہ کردیا فلیاتوا بحدیث شرط محذوف کی جزاء ہے۔ قولہ :۔ فان قالوا، اختلقہ مقدر مان کر اشارہ کردیا فلیاتوا بحدیث شرط محذوف کی جزاء ہے۔ قولہ :۔ ولشبہ ھذا الزعم بزعمھم ان الملائکۃ بنات اللہ اس عبارت کے اضافہ کا مقصد ایک شبہ کا ازالہ ہے شبہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے قول ام لہ البنات ولکم البنون کا ماقبل سے کوئی ربط معلوم نہیں ہوتا۔ جواب :۔ جواب کا خلاصہ یہ ہے کہ سابقہ آیت میں مشرکین کے اس زعم کو بیان کیا ہے کہ محمد ﷺ اپنی طرف سے گھڑ کر قرآن لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہیں، ان کا یہ خیال باطل اور فاسد ہے دوسری آیت میں مشرکین کے اس زعم فاسد اور گمان باطل کا ذکر ہے کہ ملائکہ اللہ تعالیٰ کی بیٹیاں ہیں دونوں خیال اور دونوں گمان فاسد اور باطل ہونے میں مشترک ہیں اور یہی وجہ اشتراک ہے، دونوں آیتوں میں ربط و مناسبت ثابت ہوگئی۔ قولہ :۔ غرم، مغرم کی تفسیر غرم سے کر کے اشارہ کردیا ہے کہ مغرم صدر میمی ہے۔ قولہ :۔ فی دار الندوۃ مفسر علام کے لئے مناسب تھا کہ لفظ دارالندوۃ حذف کردیتے، اس لئے کہ دارالندوۃ میں مشرکین کا اجتماع شب ہجرت میں ہوا تھا جس میں آپ کے قتل کی سازش رچی گئی تھی اور یہ سورت مکی ہے جو ہجرت سے پہلے نازل ہوچکی تھی لہٰذا سازش کو ندوہ کے ساتھ مقید کرنا مشکل ہے، بناء بریں دارالندوہ کی قید کو حذف کرنا ہی بہتر ہے اس لئے کہ مکر و سازش کا سلسلہ تو بعثت کے روز اول ہی سے جاری تھا۔ قولہ :۔ فاسقط علینا کسفاً یہ آیت قوم شعیب (علیہ السلام) کے بارے میں نازل ہوئی ہے، جیسا کہ سورة شعراء میں مذکور ہے، مفسر رحمتہ اللہ تعالیٰ کے لئے مناسب تھا اس آیت سے استدلال کرتے جو قریش کے بارے میں سورة اسراء میں نازل ہوئی ہے، وہ یہ اوتسقط السماء کما زعمت علینا کسفاً قولہ :۔ فذرھم یہ شرط مقدر کی جزاء ہے، شرط مقدر یہ ہے اذا بلغوا فی العناد الی ھذا فذرھم تفسیر و تشریع فذکر فما انت بنعمۃ ربک بکاھن (الآیۃ) ان آیات میں آپ ﷺ کو تسلی دی جا رہی ہے کہ آپ وعظ و تبلیغ نصیحت و تذکیر کا کام کئے جایئے اور یہ لوگ آپ کے متعلق جو بکواس اور یادہ گوئی کرتے ہیں آپ اس کی طرف کان نہ دھریں اس لئے آیت اللہ کے فضل سے زکاہن اور دیوانے آپ ہمارے رسول ہیں رسول ہیں، آپ پر ہماری طرف سے وحی نازل ہوتی ہے جو کاہن پر نہیں ہوا کرتی، آپ جو کلام لوگوں کو سناتے ہیں وہ دانش و بصیرت کا آئینہ دار ہوتا ہے ایک دیوانے سے اس طرح کی گفتگو ممکن نہیں ہے۔ کاہن، عربی زبان میں جیوتشی، غیب گو، اور سیانے کے معنی میں بولا جاتا تھا، زمانہ جاہلیت میں یہ ایک مستقل پیشہ تھا، ضعیف الاعتقاد لوگ یہ سمجھتے تھے کہ ارواح اور شیاطین سے سے ان کا خاص تعلق ہے جن کے ذریعہ یہ غیب کے خبریں معلوم کرسکتے ہیں، کوئی چیز کھو گئی ہو تو بتاسکتے ہیں اگر چوری ہوگئی ہو تو چور اور مسروقہ مال کی نشاندہی کرسکتے ہیں اگر کوئی اپنی قسمت پوچھے تو بتاسکتے ہیں ان ہی اغراض و مقاصد کے لئے لوگ ان کے پاس جاتے تھے اور وہ کچھ نذرانہ لیکر بزعم خویش غیب کی باتیں بتاتے تھے اور ایسے گول مول فقرے استعمال کرتے تھے جن کے مختلف مطلب ہوسکتے تھے تاکہ ہر شخص اپنے مطلب کی بات نکال لے۔ ریب المنون، ریب کے معنی حوادث کے ہیں منون موت کے ناموں میں سے ایک نام ہے منون بروزن فعول یہ من سے مشتق ہے اس کے معنی قطع کرنے کے ہیں منون کے معنی ہیں بہت زیادہ قطع کرنے والا، اور موت چونکہ دنیوی تمام علائق کو منقطع کر دیی ہے اس لئے موت کو بھی منون کہتے ہیں، مطلب یہ کہ قریش مکہ اس انتظار میں ہیں کہ حوادثات زمانہ سے شاید محمد ﷺ کو موت آجائے اور ہمیں چین نصیب ہوجائے جو اس کی دعوت توحید نے ہم سے چھین لیا ہے، غالباً ان کا خیال یہ تھا کہ محمد ﷺ چونکہ ہمارے معبودوں کی مخالفت اور ان کی کرامات کا انکار کرتے ہیں اس لئے یا تو معاذ اللہ ان پر ہمارے کسی معبود کی مار پڑے گی یا کوئی منچلا اپنے معبودوں کی برائی سن کر یا کوئی دل جلا اپنے معبودوں کی مخالفت سے بےقابو ہو کر ان کا کام ہی تمام کر دے۔
Top