Jawahir-ul-Quran - Al-Muminoon : 21
وَ اِنَّ لَكُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً١ؕ نُسْقِیْكُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِهَا وَ لَكُمْ فِیْهَا مَنَافِعُ كَثِیْرَةٌ وَّ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَۙ
وَاِنَّ : اور بیشک لَكُمْ : تمہارے لیے فِي الْاَنْعَامِ : چوپایوں میں لَعِبْرَةً : عبرت۔ غور کا مقام نُسْقِيْكُمْ : ہم تمہیں پلاتے ہیں مِّمَّا : اس سے جو فِيْ بُطُوْنِهَا : ان کے پیٹوں میں وَلَكُمْ : اور تمہارے لیے فِيْهَا : ان میں مَنَافِعُ : فائدے كَثِيْرَةٌ : بہت وَّمِنْهَا : اور ان سے تَاْكُلُوْنَ : تم کھاتے ہو
اور تمہارے لیے چوپایوں میں21 دھیان کرنے کی بات ہے پلاتے ہیں ہم تم کو ان کے پیٹ کی چیز سے اور تمہارے لیے ان میں بہت فائدے ہیں اور بعضوں کو کھاتے ہو
21:۔ ” وَ اِنَّ لَکُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً الخ “۔ یہ توحید پر تیسری عقلی دلیل ہے۔ فرمایا ان چوپایوں میں بھی تمہارے لیے عبرت اور توحید کے دلائل ہیں۔ ” مِمَّا فِی بُطُونِھَا “” مَا “ سے دودھ مراد ہے یہ ہماری قدرت کی ایک نشانی ہے کہ ہم چوپایوں کے پیٹ سے گوبر اور خون سے بالکل پاک صاف دودھ پیدا کرتے ہیں جو تمہیں لذیذ اور خوشگوار غذا کا کام دیتا ہے۔ ” وَلَکُمْ فِیھَا مَنَافِع الخ “ اس کے علاوہ ان چوپایوں میں تمہارے لیے اور بہت فائدے ہیں مثلاً ان کی تجارت کے ذریعے دولت کماتے ہو۔ ” وَ مِنْھَا تَاکُلُوْنَ “ چوپائے زندہ وہ تو بھی تمہارے لیے ان میں منافع ہیں اور اگر ان کو ذبح کرلو تو بھی ان کو گوشت کھاتے ہو اور ان کی کھالیں فروخت کر کے روزی کماتے ہو۔ ” وَ عَلَیْھَا الخ “ بعض چوپائے تمہاری سواری اور بار برداری کے کام آتے ہیں اسی طرح یہ دونوں کام تم کشتیوں سے بھی لیتے ہو جو محض اللہ تعالیٰ کی قدرت اور اس کی مہربانی سے صحیح سلامت دریاؤں اور سمندروں میں سفر کرتی ہیں جس اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت اور مہربانی سے یہ تمام نعمتیں عطاء کی ہیں وہی سب کا کارساز ہے اور وہی ہر قسم کی عبادت اور پکار کا مستحق ہے یہاں تک دلائل عقلیہ ختم ہوئے اب آگے دلائل نقلیہ کا ذکر ہے۔
Top