Jawahir-ul-Quran - Al-Ghaafir : 79
اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَنْعَامَ لِتَرْكَبُوْا مِنْهَا وَ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَ٘
اَللّٰهُ : اللہ الَّذِيْ جَعَلَ : وہ جس نے بنائے لَكُمُ : تمہارے لئے الْاَنْعَامَ : چوپائے لِتَرْكَبُوْا : تاکہ تم سوار ہو مِنْهَا : ان سے وَمِنْهَا : اور ان سے تَاْكُلُوْنَ : تم کھاتے ہو
اللہ ہے73 جس نے بنادیے تمہارے واسطے چوپائے تاکہ سواری کرو بعضوں پر اور بعضوں کو کھاتے ہو
73:۔ ” اللہ الذی جعل “ یہ بھی دلیل عقلی کا اعادہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بےپایاں انعامات و احسانات دیکھو۔ اسی نے تمہارے لیے کئی قسم کے چوپائے پیدا فرمائے ہیں۔ کچھ تو ایسے ہیں جن پر تم سواری کرتے ہو، مثلاً اونٹ اور گھوڑے اور کچھ ایسے ہیں جن کا گوشت کھاتے ہو مراد حلال مویشی ہیں اس کے علاوہ ان سے تم اور کئی قسم کے فوائد و منافع حاصل کرتے۔ دودھ، اون اور چمڑے وغیرہ سے اور اپنی نہایت اہم ضرورتیں پوری کرتے ہو مثلاً اپنا ساز و سامان اور مال تجارت وغیرہ ایک جگہ سے دوسری جگہ ان پر لاد کرلے جاتے ہو۔ یہ سواریاں تو خشکی کے سفر میں کام آتی ہیں اور دریاؤں اور سمندروں کا سفر طے کرنے کے لیے کشتیوں اور بحری جہازوں پر سواری کرتے ہو۔ ” ویریکم ایتہ الخ “ اللہ تعالیٰ تمہیں اپنی وحدانیت اور کمال قدرت کی کس قدر نشانیاں دکھاتا ہے۔ بتاؤ کس کس نشانی کا انکار کرو گے اور اس کی وحدانیت کو چھوڑ کر غیر اللہ کو پکارو گے ؟ ای ایتہ الدالۃ علی وحدانیتہ و قدرتہ (قرطبی ج 15 ص 335)
Top