Kashf-ur-Rahman - Yunus : 87
وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰى وَ اَخِیْهِ اَنْ تَبَوَّاٰ لِقَوْمِكُمَا بِمِصْرَ بُیُوْتًا وَّ اجْعَلُوْا بُیُوْتَكُمْ قِبْلَةً وَّ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ١ؕ وَ بَشِّرِ الْمُؤْمِنِیْنَ
وَاَوْحَيْنَآ : اور ہم نے وحی بھیجی اِلٰى : طرف مُوْسٰى : موسیٰ وَاَخِيْهِ : اور اس کا بھائی اَنْ تَبَوَّاٰ : کہ گھر بناؤ تم لِقَوْمِكُمَا : اپنی قوم کے لیے بِمِصْرَ : مصر میں بُيُوْتًا : گھر وَّاجْعَلُوْا : اور بناؤ بُيُوْتَكُمْ : اپنے گھر قِبْلَةً : قبلہ رو وَّاَقِيْمُوا : اور قائم کرو الصَّلٰوةَ : نماز وَبَشِّرِ : اور خوشخبری دو الْمُؤْمِنِيْنَ : مومن (جمع)
اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) اور اس کے بھائی پر وحی بھیجی کہ تم دونوں اپنی قوم کے لئے مصر میں مکان بنائو اور تم اپنے گھروں ہی میں نماز کی جگہ بنالو اور نماز کی پابندی رکھو اور اے موسیٰ (علیہ السلام) تو ایمان والوں کو بشارت دے دے
87 اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) اور اس کے بھائی ہارون (علیہ السلام) پر وحی بھیجی کہ تم دونوں قوم کے لئے مصر میں مکان تیار کر ائو اور تم اپنے انہی مکانوں اور گھروں میں نما ز کی جگہ مقرر کرلو اور نماز کی جگہ بنالو اور نماز کی پابندی رکھو اور اے موسیٰ (علیہ السلام) تم ایمان والوں کو خوشخبری سنادو یعنی جو دعا تم نے مانگی تھی اس کی قبولیت کے آثار نمایاں ہونے والے ہیں تم اپنا محلہ الگ بسا لو اور چونکہ مساجد کو فرعون نے تباہ کردیا ہے اس لئے اپنے گھروں ہی میں نماز کیلئے ایک جگہ مقرر کرلو اور وہیں نماز ادا کیا کرو اور مسلمانوں کو فرعون سے نجات کی بشارت دیدو اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تمہارے جہاں گھر ہیں ان کو قائم اور برقرار رکھو اور گھروں ہی کو نماز کے اوقات میں اپنے نماز پڑھنے کی جگہ قرار دے لو نماز کیلئے مساجد میں جانا معاف کیا جاتا ہے ہوسکتا ہے کہ ان وجوہ کے علاوہ کسی اور سیاسی مصلحت سے مکانوں میں رہنے یا نئے مکان بنانے کا حکم ہوا ہو۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں کہ جب فرعون کا ہلاک ہونا نزدیک پہنچا تو حکم ہوا کہ اپنی قوم ان میں شامل نہ رکھو اپنا محلہ جدا بسائو کہ آگے ان پر آفتیں پڑتی ہیں یہ قوم آفت میں شریک نہ ہو۔
Top