Kashf-ur-Rahman - Al-Ahzaab : 21
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰهِ اُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِّمَنْ كَانَ یَرْجُوا اللّٰهَ وَ الْیَوْمَ الْاٰخِرَ وَ ذَكَرَ اللّٰهَ كَثِیْرًاؕ
لَقَدْ كَانَ : البتہ ہے یقینا لَكُمْ : تمہارے لیے فِيْ : میں رَسُوْلِ اللّٰهِ : اللہ کا رسول اُسْوَةٌ : مثال (نمونہ) حَسَنَةٌ : اچھا بہترین لِّمَنْ : اس کے لیے جو كَانَ يَرْجُوا : امید رکھتا ہے اللّٰهَ : اللہ وَالْيَوْمَ الْاٰخِرَ : اور روز آخرت وَذَكَرَ اللّٰهَ : اور اللہ کو یاد کرتا ہے كَثِيْرًا : کثرت سے
بلا شبہ مسلمانو تم کو رسو اللہ ﷺ کی چال سیکھنی تھی بالخصوص اس شخص کو جو اللہ تعالیٰ کی ملاقات کا اور قیامت کے دن کا خوف رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ کو بکثرت یاد کرتا ہے
21۔ مسلمانو ! بلا شبہ تم میں سے ہر اس شخص کیلئے جو اللہ تعالیٰ کی ملاقات کا اور قیامت کا خوف رکھتا اور بکثرت اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہے، رسول اللہ ﷺ کی ذات بہترین قابل تقلید نمونہ تھی۔ خطاب فرمایا عام مسلمانوں کو پھر تخصیص فرمائی ان لوگوں کو جو اللہ تعالیٰ کی بقا اور اس کی رضا کی امید رکھتے ہیں یا اللہ تعالیٰ کی پیشی سے ڈرتے ہیں اسی طرح قیامت سے ڈرتے ہیں یا قیامت کے دن ثواب کی امید رکھتے ہیں ۔ اور اللہ تعالیٰ کا بکثرت ذکر کرتے ہیں ایسے کامل مومن اس بات کے اور بھی زیادہ مستحق ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی چال سیکھیں اور آپ کی پیروی ان مسلمانوں کے لئے ایک عمدہ نمونہ تھی اور یہ دیکھنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا پیغمبر کیسی محنت اور مشقت برداشت کرتا ہے اور میدان جنگ میں کس طرح ثابت قدم رہتا ہے۔ ترجمہ اور تیسیر میں ہم نے لمن کان کو لکم کا بدل اور صفت کی رعایت کا لحاظ رکھا ہے لمن کان کو حسنۃ کا صلہ بھی قرار دیا گیا ہے۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں یعنی رسول کو دیکھو ان سختیوں میں کیا استقلال رکھتا ہے سب سے زیادہ محنت اور اندیشہ ہے۔ 12 لکم میں تعمیم تھی لمن کان سے اس کی تخصیص فرمائی ہم نے سب مفسرین کے اقوال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترجمہ کیا ہے اور یہاں جو اسوۂ حسنہ کی تفسیر میں آپ کے استقلال اور ثبات فی الجہادکا ذکر کیا ہے یہ موقعہ کے لحاظ سے ہے ورنہ نبی کریم ﷺ کی تمام صفات کاملہ اور آپ کے اخلاق عالیہ موجب اقتدار اور واجب الاتباع ہیں ، اور آپ کی ہر سنت پر عمل کرنا حصول برکت اور رفع درجات کا سبب ہے اور ہر قسم کے عقاب اور عذاب اور ملامت سے نجات کا ضامن ہے اس میں اتمام سنن اور مستحبات وغیرہ داخل ہوگئے۔
Top