بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
Kashf-ur-Rahman - Faatir : 1
اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ جَاعِلِ الْمَلٰٓئِكَةِ رُسُلًا اُولِیْۤ اَجْنِحَةٍ مَّثْنٰى وَ ثُلٰثَ وَ رُبٰعَ١ؕ یَزِیْدُ فِی الْخَلْقِ مَا یَشَآءُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ
اَلْحَمْدُ : تمام تعریفیں لِلّٰهِ : اللہ کے لیے فَاطِرِ : پیدا کرنے والا السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین جَاعِلِ : بنانے والا الْمَلٰٓئِكَةِ : فرشتے رُسُلًا : پیغامبر اُولِيْٓ اَجْنِحَةٍ : پروں والے مَّثْنٰى : دو دو وَثُلٰثَ : اور تین تین وَرُبٰعَ ۭ : اور چار چار يَزِيْدُ : زیادہ کردیتا ہے فِي الْخَلْقِ : پیدائش میں مَا يَشَآءُ ۭ : جو وہ چاہے اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قدرت رکھنے والا ہے
تمام تعریفیں اسی خدا کو سزاوار ہیں جس نے آسمانوں کو اور زمین کو بنا نکالا اسی نے فرشتوں کو پیغام رساں بنایا جن کے دو دو اور تین تین اور چار چار پر ہیں وہ اپنی مخلوق کی پیدائش اور بناوٹ میں جو چیز چاہے بڑھا دیتا ہے بیشک اللہ ہر چیز پر پوری طرح قادر ہے
(1) تمام تعریفیں اور تمام حمدوثناء اس اللہ تعالیٰ کو لائق اور سزاوار ہیں جس نے آسمانوں کو اور زمین کو بنایا اور فرشتوں کو پیغام لانے والا بنایا جن کے دو دو اور تین تین اور چار چار پر ہیں وہ اپنی مخلوق کی پیدائش اور بناوٹ میں جو چیز چاہے بڑھا دیتا ہے۔ بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر پوری طرح قادر ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کو تمام تعریفیں سزاوار ہیں وہ ایسا ہے جس نے آسمانوں کو اور زمین کو عدم سے وجود بخشا آسمانوں کو اور زمین کو پیدا کیا۔ فرشتوں کو پیغامبر بنایا۔ یعنی وحی اور بشارتیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرشتے پیغمبروں کے پاس لاتے ہیں۔ فرشتوں کے پر والے بازو ہیں، نہ معلوم ان کی کیفیت کیا ہوگی جس نے فرشتوں کو دیکھا ہو وہی سمجھ سکتا ہے۔ دو دو تین تین چار چار بازوئوں میں انحصار نہیں۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں بڑھاتا ہے یعنی چار سے زیادہ پر ہیں بعضوں نے کہا جبریل (علیہ السلام) کے چھ سو پر ہیں۔ فاطرالسمٰوٰت والارض کے معنی ہیں آسمان و زمین کا بنانے والا۔ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ فرماتے ہیں۔ میں فاطر کے معنی میں الجھا ہوا تھا پہلی مرتبہ میرے سامنے دو اعرابی جھگڑتے ہوئے آئے جھگڑا ایک کنویں کا تھا دونوں میں سے ایک نے کہا۔ انا فطرتھا یعنی میں نے اس کنویں کو بنایا ہے۔ تب مجھے معلوم ہوا کہ فاطر کے معنی ہیں بنانے والا۔ آگے اس کی قدرت کی وسعت اور اس کے قدیر ہونے کا ذکر ہے۔
Top