Kashf-ur-Rahman - Al-Hashr : 14
لَا یُقَاتِلُوْنَكُمْ جَمِیْعًا اِلَّا فِیْ قُرًى مُّحَصَّنَةٍ اَوْ مِنْ وَّرَآءِ جُدُرٍ١ؕ بَاْسُهُمْ بَیْنَهُمْ شَدِیْدٌ١ؕ تَحْسَبُهُمْ جَمِیْعًا وَّ قُلُوْبُهُمْ شَتّٰى١ؕ ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ قَوْمٌ لَّا یَعْقِلُوْنَۚ
لَا يُقَاتِلُوْنَكُمْ : وہ تم سے نہ لڑینگے جَمِيْعًا : اکھٹے، سب مل کر اِلَّا : مگر فِيْ قُرًى : بستیوں میں مُّحَصَّنَةٍ : قلعہ بند اَوْ مِنْ وَّرَآءِ : یا پیچھے سے جُدُرٍ ۭ : دیواروں کے بَاْسُهُمْ : ان کی لڑائی بَيْنَهُمْ : ان کے آپس میں شَدِيْدٌ ۭ : بہت سخت تَحْسَبُهُمْ : تم گمان کرتے ہو انہیں جَمِيْعًا : اکھٹے وَّقُلُوْبُهُمْ : حالانکہ ان کے دل شَتّٰى ۭ : الگ الگ ذٰلِكَ : یہ بِاَنَّهُمْ : اس لئے کہ وہ قَوْمٌ : ایسے لوگ لَّا : نہیں يَعْقِلُوْنَ : وہ عقل رکھتے
یہ سب مل کر بھی تمہارے بالمقابل نہیں لڑ سکتے الا یہ کہ قلعہ بند بستیوں اور دیواروں کی آڑ میں محفوظ ہوکر ان کے آپس ہی میں ان کی بڑی سخت جنگ ہے اے مخاطب تو ان کافروں کو متحد خیال کرتا ہے حالانکہ ان کے دل پھٹے ہوئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ لوگ عقل نہیں رکھتے۔
(14) ان کی بزدلی کا یہ عالم ہے کہ یہ کافر سب اکٹھے ہوکر بھی اور سب مل کر بھی تمہارے بالمقابل نہیں لڑ سکتے الایہ کہ قلعہ بند بستیوں اور دیواروں کی آڑ میں محفوظ ہوکر ان کے مابین آپس میں بڑی سخت جنگ ہے اے مخاطب تو ان کافروں کو متفق اور متحدالخیال سمجھتا ہے حالانکہ ان کے قلوب غیر متفق اور پھٹے ہوئے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ کافر عقل نہیں رکھتے اور بےعقل واقع ہوئے ہیں۔ مطلب یہ ہے کہ ان یہوں میں اور منافقوں میں اتنی ہمت نہیں کہ یہ سب مل کر بھی تمہارا مقابلہ کرسکیں سوائے اس کے کہ قلعہ بند بستیوں میں چھپ کر یا کسی مضبوط دیوار کی آڑ میں ہوکر جیسے شہر پناہ وغیرہ کی آڑلے کر مقابلہکریں تو کریں سامنے آمنے آکر مقابلہ کرنے کی ان میں ہمت نہیں یہ سب مل کر بھی مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں رکھتے مگر ہاں قلعوں میں گھس کر اور قلعہ بند بستیوں میں چھپ کر حملہ کرسکتے ہیں یا پھر کسی دیوار وغیرہ کے پیچھے اور دیوار کی آڑ لے کر مقابلہ کرلیں تو کرلیں ان کے مابین آپس ہی میں بڑی لڑائی ہے اور ان میں بڑے اختلاف ہیں دیکھنے والا تو ان کو دیکھ کر سمجھتا ہے کہ سب ایک ہیں اور ان کی بھیڑ کو دیکھ کر خیال کرتا ہے کہ یہ متفق الخیال اور باہم متحد ہیں حالانکہ ان کے دل پراگندہ اور ایک دوسرے سے پھٹے ہوئے ہیں اور ان کے دل باہم متحد نہیں ہیں۔ اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کو دین کی عقل نہیں اور یہ بےعقل واقع ہوئے ہیں اور اسی بےعقلی کی وجہ سے مختلف العقائد ہیں دین الٰہی کے بارے میں ان کے مختلف نظرئیے ہیں اور جب دل الگ الگ ہیں تو جم کر یہ مسلمانوں کا مقابلہ کیا کرسکیں گے۔ آگے دو مثالیں بیان فرمائیں۔
Top