Kashf-ur-Rahman - Al-An'aam : 19
قُلْ اَیُّ شَیْءٍ اَكْبَرُ شَهَادَةً١ؕ قُلِ اللّٰهُ١ۙ۫ شَهِیْدٌۢ بَیْنِیْ وَ بَیْنَكُمْ١۫ وَ اُوْحِیَ اِلَیَّ هٰذَا الْقُرْاٰنُ لِاُنْذِرَكُمْ بِهٖ وَ مَنْۢ بَلَغَ١ؕ اَئِنَّكُمْ لَتَشْهَدُوْنَ اَنَّ مَعَ اللّٰهِ اٰلِهَةً اُخْرٰى١ؕ قُلْ لَّاۤ اَشْهَدُ١ۚ قُلْ اِنَّمَا هُوَ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ وَّ اِنَّنِیْ بَرِیْٓءٌ مِّمَّا تُشْرِكُوْنَۘ
قُلْ : آپ کہ دیں اَيُّ : کونسی شَيْءٍ : چیز اَكْبَرُ : سب سے بڑی شَهَادَةً : گواہی قُلِ : آپ کہ دیں اللّٰهُ : اللہ شَهِيْدٌ : گواہ بَيْنِيْ : میرے درمیان وَبَيْنَكُمْ : اور تمہارے درمیان وَاُوْحِيَ : وحی کیا گیا اِلَيَّ : مجھ پر هٰذَا : یہ الْقُرْاٰنُ : قرآن لِاُنْذِرَكُمْ : تاکہ میں تمہیں ڈراؤں بِهٖ : اس سے وَمَنْ : اور جس بَلَغَ : وہ پہنچے اَئِنَّكُمْ : کیا تم بیشک لَتَشْهَدُوْنَ : تم گواہی دیتے ہو اَنَّ : کہ مَعَ : ساتھ اللّٰهِ : اللہ اٰلِهَةً : کوئی معبود اُخْرٰي : دوسرا قُلْ : آپ کہ دیں لَّآ اَشْهَدُ : میں گواہی نہیں دیتا قُلْ : آپ کہ دیں اِنَّمَا : صرف هُوَ : وہ اِلٰهٌ : معبود وَّاحِدٌ : یکتا وَّاِنَّنِيْ : اور بیشک میں بَرِيْٓءٌ : بیزار مِّمَّا : اس سے جو تُشْرِكُوْنَ : تم شرک کرتے ہو
آپ ان سے پوچھئے کہ کون سی چیز گواہی دینے کے اعتبار سے سب سے بڑی ہے آپ ہی فرما دیجیے اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے وہی میرے اور تمہارے درمیان گواہ ہے اور یہ قرآن میری طرف اس لئے بطور وحی کے بھیجا گیا ہے کہ میں اس کے ذریعہ سے تم کو اور جس جس کو یہ پہنچ سکے ان سب کو خبردار کردوں کیا تم لوگ واقعی اب بھی اس امر کی گواہی دو گے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور بھی معبود ہیں آپ کہہ دیجیے کہ میں تو کبھی ایسی شہادت دوں گا نہیں آپ کہہ دیجیے کہ وہ تو بس ایک ہی معبود ہے اور جن چیزوں کو تم شریک ٹھہراتے ہو میں ان سے قطعی بیزار ہوں۔
-19 اے پیغمبر ﷺ ! آپ ان سے کہئے کہ گواہی دینے کے لحاظ اور اعتبار سے کو نسی چیز سب سے بڑی اور سب سے بڑھ کر ہے ظاہر ہے کہ اس کا جواب یہی ہوگا کہ خدا سے بڑھ کر کون سی چیز ہوسکتی ہے آپ فرما دیجیے کہ میرے اور تمہارے درمیان اللہ تعالیٰ گواہ ہے اور یہ قرآن میری جانب اسی لئے وحی کیا گیا ہے تاکہ میں اس کے ذریعہ سے تم کو اور جس جس کو یہ قرآن پہونچے ان کو ڈرا دوں اور یہ بات بتادوں کہ جو شخص توحید و رسالت کا منکر ہ گا اس کا انجام کیا ہوگا کیا اللہ تعالیٰ کی اس صاف وصریح شہادت کے بعد تم لوگ واقعی اب بھی اس بات کی گواہی دو گے کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور دوسرے معبود بھی ہیں اور اللہ تعالیٰ کی مقدس ذات کے ساتھ کوئی دوسرا بھی قابل عبادت اور لائق پرستش ہے آپ فرما دیجیے میں تو کبھی ایسی شہادت نہیں دے سکتا اور میں تو ان تمام چیزوں سے جن کو تم حضرت حق تعالیٰ کا شریک قرار دیتے ہو ان سب سے قطعی بیزار اور بری الذمہ ہوں۔
Top