(4) اور ہم نے آپ کی خاطر آپ کے ذکر کو بلند کیا - یعنی بہت سی جگہ اللہ کے نام کے ساتھ آپ کا نام بھی لیا جاتا ہے ایک دفعہ حضرت جبرئیل (علیہ السلام) سے دریافت کیا کہ میرے نام کا آواز بلند ہونے کا کیا مطلب ہے تو انہوں نے یہی کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں اذا ذکرت ذکرت معی کہ جب مجھے یاد کیا جائے گا تو آپ کو بھی یاد کیا جائے گا جیسے اذان و اقامت ، تشہد، خطبہ، کلمہ طیبہ ، کلمہ شہادت اطاعت کے کاموں میں جیسے اطیعواللہ واطیعوالرسول نافرمانی کی سزا میں ومن یعص اللہ ورسولہ نان لہ نار جھنم خالدین فیھا۔
حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں یعنی پیغمبروں میں اور فرشتوں میں آپ کا نام بلند ہے۔ آگے وعدہ ہے کہ ہم ہر مشکل میں آسانی کرنیوالے ہیں اور موجودہ دور میں جو مشکلات آپ کو پیش آرہی ہیں ان کو آسان کردیں گے بلکہ ہر مشقت اور سختی کے لئے دوسری آسانی کا وعدہ کیا جاتا ہے۔