Maarif-ul-Quran - Yunus : 74
ثُمَّ بَعَثْنَا مِنْۢ بَعْدِهٖ رُسُلًا اِلٰى قَوْمِهِمْ فَجَآءُوْهُمْ بِالْبَیِّنٰتِ فَمَا كَانُوْا لِیُؤْمِنُوْا بِمَا كَذَّبُوْا بِهٖ مِنْ قَبْلُ١ؕ كَذٰلِكَ نَطْبَعُ عَلٰى قُلُوْبِ الْمُعْتَدِیْنَ
ثُمَّ : پھر بَعَثْنَا : ہم نے بھیجے مِنْۢ بَعْدِهٖ : اس کے بعد رُسُلًا : کئی رسول اِلٰى : طرف قَوْمِهِمْ : ان کی قوم فَجَآءُوْھُمْ : وہ آئے ان کے پاس بِالْبَيِّنٰتِ : روشن دلیلوں کے ساتھ فَمَا كَانُوْا لِيُؤْمِنُوْا : سو ان سے نہ ہوا کہ وہ ایمان لے آئیں بِمَا : اس پر جو كَذَّبُوْا : انہوں نے جھٹلایا بِهٖ : اس کو مِنْ قَبْلُ : اس سے قبل كَذٰلِكَ : اسی طرح نَطْبَعُ : ہم مہر لگاتے ہیں عَلٰي : پر قُلُوْبِ : دل (جمع) الْمُعْتَدِيْنَ : حد سے بڑھنے والے
پھر نوح کے بعد ہم نے اور پیغمبر اپنی اپنی قوم کی طرف بھیجے۔ تو وہ ان کے پاس کھلی نشانیاں لے کر آئے۔ مگر وہ لوگ ایسے نہ تھے کہ جس چیز کی پہلے تکذیب کرچکے تھے اس پر ایمان لے آتے۔ اسی طرح ہم زیادتی کرنے والوں کے دلوں پر مہر لگا دیتے ہیں۔
قال اللہ تعالی۔ ثم بعثنا من بعدہ رسلا۔۔۔ الی۔۔۔ علی قلوب المعتدین (ربط): اوپر کی آیات میں نوح (علیہ السلام) کے قصہ کا ذکر فرمایا اب ان آیات میں اجمالاً ان انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کا قصہ ذکر ہے جو حضرت نوح (علیہ السلام) کے بعد مبعوث ہوئے اس آیت میں ان کا نام ظاہر نہیں فرمایا مگر دوسری جگہ ان کا نام ذکر کیا گیا ہے کہ نوح (علیہ السلام) کے بعد مبعوث ہوئے اس آیت میں ان کا نام ظاہر نہیں فرمایا مگر دوسری جگہ ان کا نام ذکر کیا گیا ہے کہ نوح علیہ السلا کے بعد ہود اور صالح اور ابراہیم اور لوط اور شعیب (علیہم السلام) مبعوث ہوئے پھر ان کے بعد حضرت موسیٰ (علیہ السلام) مبعوث ہوئے جن جن لوگوں نے انبیاء (علیہم السلام) کا مقابلہ کیا وہ سب تباہ وبرباد ہوئے۔ پھر ہم نے نوح (علیہ السلام) کے بعد ہود اور صالح وغیرہ دوسرے رسولوں کو ان کی قوموں کی طرف بھیجا سو وہ ان کے پاس اپنی پیغمبری کے کھلے نشانات لے کر آئے پس نہ ہوئے وہ ایمان لانے والے اس چیز پر کہ جس کو وہ پہلی ہی مرتبہ جھٹلا چکے تھے۔ مال و دولت کے نشہ میں نبی اء کو حقیر سمجھا حق اور ہدایت کی عزت کو نہ سمجھ سکے۔ اپنی جاہلیت اور ہٹ دھرمی پر پختہ تھے حق کے جھٹلانے کے خوگر تھے انبیاء کے آنے سے پہلے حق کے منکر تھے۔ اور رسولوں کے آنے اور ان کے سمجھانے کے بعد بھی حق کے منکر رہے ان کی سنگ دلی کو دیکھ لو اسی طرح ہم حد سے گذرنے والوں کے دلوں پر مہر لگادیتے ہیں۔ کہ وہ عزت کو ذلت، سمجھنے لگتے ہیں۔ اللہ کی مہر تو نظر نہیں آتی مگر مہرا والے تو تمہارے سامنے ہیں بےعقلی آج تک کسی کو نظر تو نہیں آئی۔ مگر بےعقلی کی حرکات و سکنات کو دیکھ کر لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ بےعقلی ایسی ہوتی ہے۔ اسی طرح ان کو دیکھ کر سمجھ لو کہ سنگدلی ایسی ہوتی ہے اور جس کے دل پر خدا کی مہر لگ جاتی ہے اس کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ دین کی باتوں کو حقیر اور ذلیل سمجھنے لگتا ہے۔ اور فرعون اور قارون کے طوروطریق اس کو عزت نظرآنے لگتے ہیں۔ اے اللہ تو ہم کو اپنی اطاعت کی عزت بخش اور اپنی معصیت کی ذلت سے بچا۔ آمین یا رب العالمین۔
Top