Tafseer-e-Madani - Yunus : 29
فَكَفٰى بِاللّٰهِ شَهِیْدًۢا بَیْنَنَا وَ بَیْنَكُمْ اِنْ كُنَّا عَنْ عِبَادَتِكُمْ لَغٰفِلِیْنَ
فَكَفٰى : پس کافی بِاللّٰهِ : اللہ شَهِيْدًۢا : گواہ بَيْنَنَا : ہمارے درمیان وَبَيْنَكُمْ : اور تمہارے درمیان اِنْ : کہ كُنَّا : ہم تھے عَنْ : سے عِبَادَتِكُمْ : تمہاری بندگی لَغٰفِلِيْنَ : البتہ بیخبر (جمع)
سو کافی ہے اللہ گواہی دینے کو ہمارے اور تمہارے درمیان، ہم قطعی طور پر غافل (و بیخبر ) تھے تمہاری اس عبادت (و بندگی) سے،4
59 ۔ معبودان من دون اللہ اپنے پجاریوں کی پوجا سے قطعی بیخبر : سو اس سے تصریح فرمادی گئی کہ مشرکوں کے خود ساختہ شرکاء اور معبود من دون اللہ اپنے عابدوں سے صاف وصریح طور پر کہیں گے کہ ہم تمہاری عبادت و بندگی سے قطعی طور پر بیخبر تھے۔ ان کے جواب کی تاکید ملاحظہ ہو کہ اول تو (ان) تاکید یہ ہے۔ کیونکہ اصل میں یہ نون ثقیلہ ہے یعنی (ان) اور پھر خبر پر لام تاکید بھی داخل ہے۔ سو اس طرح وہ تاکید در تاکید کے ساتھ ان کی عبادت کا انکار کرتے ہوئے کہیں گے کہ نہ تو ہمیں تمہاری اس عبادت کا پتہ تھا نہ ہم نے کبھی تمہیں اس کا حکم دیا تھا اور نہ ہم اس پر راضی تھے۔ یہ سب کچھ تم لوگوں نے ازخود شیطان کے اغواء واضلال سے کیا تھا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو اس سے ایک طرف تو یہ اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ جو لوگ اللہ وحدہ لاشریک کو چھوڑ کر ایسے خود ساختہ معبودوں کی پوجا پاٹ کرتے ہیں وہ کس قدر بدبخت اور کتنے محروم ہیں جو ایسی بےحقیقت چیزوں کی بندگی اور پوجا پاٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ اور جس کے نتیجے میں ان کو کل حشر میں ایسی ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اور دوسری طرف اس سے یہ بھی واضح ہوجاتا ہے کہ قرآن حکیم کا دنیا پر کس قدر عظیم الشان احسان ہے کہ اس نے عالم آخرت کے ان غیبی حقائق کو اس قدر صراحت و وضاحت سے اس دنیا میں ہی بتادیا جن کے جاننے کا دوسرا کوئی ذریعہ ممکن ہی نہیں۔ تاکہ جس نے بچنا ہو بچ جائے اپنے اس ہولناک انجام سے قبل اس سے کہ فرصت حیات اس کے ہاتھ سے نکل جائے۔ بہرکیف مشرکوں کے خود ساختہ شرکاء اور من گھڑت معبودان من دون اللہ اس یوم حساب میں اپنے ان بچاریوں سے اس قدر تاکید اور صراحت کے ساتھ اپنی برات و بیزاری کا اعلان کردیں گے جس سے ان بدبختوں کی سب کے سامنے تـذلیل ہوگی۔ اور اس کے نتیجے میں ان کو ہولناک عذاب میں دھر لیا جائے گا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی حفاظت وپناہ میں رکھے۔ اور نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے ہمیشہ محفوظ اور راہ حق وصواب پر گامزن رہنے کی توفیق بخشے۔ آمین ثم آمین۔ یا رب العالمین۔
Top