Tafseer-e-Madani - Yunus : 72
فَاِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَمَا سَاَلْتُكُمْ مِّنْ اَجْرٍ١ؕ اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلَى اللّٰهِ١ۙ وَ اُمِرْتُ اَنْ اَكُوْنَ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ
فَاِنْ : پھر اگر تَوَلَّيْتُمْ : تم منہ پھیر لو فَمَا سَاَلْتُكُمْ : تو میں نہیں مانگا تم سے مِّنْ اَجْرٍ : کوئی اجر اِنْ : تو صرف اَجْرِيَ : میرا اجر اِلَّا : مگر (صرف) عَلَي اللّٰهِ : اللہ پر وَاُمِرْتُ : اور مجھے حکم دیا گیا اَنْ : کہ اَكُوْنَ : میں رہو مِنَ : سے الْمُسْلِمِيْنَ : فرمانبردار
پھر (یہ بھی دیکھو کہ) اگر تم نے منہ موڑے ہی رکھا تو (اس میں میرا کیا نقصان ؟ کہ) میں نے تو تم سے کوئی اجر نہیں مانگا، میرا اجر تو بس اللہ ہی پر ہے، اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں بہر حال فرمانبرداروں سے رہوں،
127 ۔ بندے کا کام اپنے رب کے آگے سر تسلیم خم کردینا : سو ارشاد فرمایا گیا کہ حضرت نوح (علیہ السلام) نے ان لوگوں سے کہا کہ اگر تم لوگ پھرے ہی رہے راہ حق و صواب سے اور تم نے میری بات نہ مانی تو اس میں میرا کیا نقصان ؟ میں نے تم لوگوں سے کوئی اجر نہیں مانگا۔ میرا اجر تو بس اللہ ہی کے ذمے ہے۔ اور مجھے تو یہی حکم دیا گیا ہے کہ میں فرمانبرداروں سے رہوں۔ سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ بندے کا کام ہر حال میں اپنے رب کا فرمانبردار رہنا ہے اور بس۔ کہ یہ اس کے رب کا اس پر حق ہے۔ سو حضرت نوح (علیہ السلام) نے ان لوگوں سے فرمایا کہ مجھے تو بہرحال یہی حکم دیا گیا ہے کہ میں فرمانبرداروں میں سے رہوں۔ اس پر ایمان لاکر اور صرف اسی کی عبادت و بندگی کرکے۔ اور اس کے سوا ہر معبود اور اس کی عبادت و بندگی کا انکار کرکے۔ سو تم لوگ ایمان لاؤ یا نہ لاؤ، حق و صواب کی راہ بہرحال یہی ہے۔ اور میں ہمیشہ اسی پر قائم رہوں گا۔ سبحان اللہ۔ کیسا عمدہ اور پاکیزہ نمونہ ہے پیغمبر کی زندگی کا کہ رب کی فرمانبرداری کرنی ہے اور اسی کی دوسروں کو دعوت دینی ہے۔ اور تم سے کسی طرح کی اجرت اور بدلے کا کوئی سوال نہیں کہ تم لوگوں نے اگر میری بات کو نہ مانا اور میری دعوت کو قبول نہ کیا تو میرا کوئی نقصان ہوجائے گا۔ سو ایسا کوئی خوف و خطرہ مجھے نہیں بلکہ میں تو یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری، اس کی رضاء و خوشنودی اور خود تمہارے بھلے اور بہتری کے لیے کر رہا ہوں۔ اگر تم نے مانا تو خود تمہارا بھلا، نہیں تو خود تمہارا ہی نقصان ہوگا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اللہ ہمیشہ اور ہر حال میں اپنا اور اپنا ہی بندہ بنائے رکھے اور نفس و شیطان کے ہر مکر و فریب سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ آمین ثم آمین۔
Top