Tafseer-e-Madani - Hud : 56
اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْ١ؕ مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَا١ؕ اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ
اِنِّىْ : بیشک میں تَوَكَّلْتُ : میں نے بھروسہ کیا عَلَي اللّٰهِ : اللہ پر رَبِّيْ : میرا رب وَرَبِّكُمْ : اور تمہارا رب مَا : نہیں مِنْ : کوئی دَآبَّةٍ : چلنے والا اِلَّا : مگر هُوَ : وہ اٰخِذٌ : پکڑنے والا بِنَاصِيَتِهَا : اس کو چوٹی سے اِنَّ : بیشک رَبِّيْ : میرا رب عَلٰي : پر صِرَاطٍ : راستہ مُّسْتَقِيْمٍ : سیدھا
میں نے تو اس اللہ پر بھروسہ کر رکھا ہے جو رب ہے میرا بھی اور تمہارا بھی کوئی جاندار ایسا نہیں جس کی چوٹی اس کے ہاتھ میں نہ ہو ابیشک میرا رب سیدھے راستے پر (چلنے سے ہی مل سکتا) ہے
128 ۔ بندہ مومن کی قوت کا اصل راز اعتماد علی اللہ : سو حضرت ہود نے ان سے کہا کہ میں نے اللہ ہی پر بھروسہ کر رکھا ہے جو کہ رب ہے میرا بھی اور تمہارا بھی۔ یہ ہے بندہ مومن کی قوت کا اصل راز کہ اس کا بھروسہ و اعتماد ایک اللہ وحدہ لاشریک پر ہوتا ہے جو کہ اس ساری کائنات کا خالق ومالک اور کارساز و مشکل کشا ہے اور سب کچھ اسی کے قبضہ قدرت و اختیار میں ہے۔ اور اس طرح بندہ مومن صرف ایک ہی در کا سوالی ہوتا ہے یعنی وہ ہر جائی نہیں یکجائی ہوتا ہے۔ اور یکجائی ہونے کے اسی ایک وصف نے اس کو اس قدر قوت بخش دی ہوتی ہے اور اس کے باطن کو اتنا قوی اور مضبوط کردیا ہوتا ہے کہ اس کو پھر کسی کی کوئی پرواہ باقی نہیں رہتی۔ اللہ نصیب فرمائے اور ہمیشہ اپنی رحمتوں اور عنایتوں کے سائے میں رکھے۔ اور نفس شیطان کے ہر مکر و فریب سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ آمین۔ 129 ۔ ہر چیز کی باگ ڈور اللہ ہی کے قبضہ قدرت و اختیار میں : سو ارشاد فرمایا گیا کہ حضرت ہود (علیہ السلام) نے ان لوگوں سے کہا کہ کوئی جاندار ایسا نہیں جس کی چوٹی میرے رب کے ہاتھ میں نہ ہو۔ وہ اس کو جدھر چاہے موڑ دے۔ سو ہر چیز کا نفع و نقصان سب کچھ اسی وحدہ لاشریک کے قبضہ قدرت و اختیار میں ہے کہ ہر جاندار کی چوٹی اسی وحدہ لاشریک کے قبضہ قدرت و اختیار میں ہے۔ تو پھر نفع و نقصان کا مالک اس کے سوا اور کون ہوسکتا ہے ؟ اور کس طرح اور کیونکر ہوسکتا ہے ؟ سبحانہ وتعالیٰ ۔ اور جب ہر جاندار کی پیشانی اسی کے قبضہ قدرت اختیار میں ہے تو وہی جس کو چاہے جدھے موڑ دے۔ جہاں تک چاہے اس کو ڈھیل دے۔ اور جب اور جہاں چاہے اس کو روک دے۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ پس بھروسہ و اعتماد کے لائق اسی وحدہ لاشریک کی ذات اقدس و اعلی ہے۔ جو اس ساری کائنات کا خالق ومالک اور اس میں حاکم و متصرف ہے۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویریدو علی مایحب ویرید وھو الھادی الیٰ سواء السبیل۔
Top