Tafseer-e-Madani - Hud : 60
وَ اُتْبِعُوْا فِیْ هٰذِهِ الدُّنْیَا لَعْنَةً وَّ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ١ؕ اَلَاۤ اِنَّ عَادًا كَفَرُوْا رَبَّهُمْ١ؕ اَلَا بُعْدًا لِّعَادٍ قَوْمِ هُوْدٍ۠   ۧ
وَاُتْبِعُوْا : اور ان کے پیچھے لگا دی گئی فِيْ : میں هٰذِهِ الدُّنْيَا : اس دنیا لَعْنَةً : لعنت وَّيَوْمَ : اور روز الْقِيٰمَةِ : قیامت اَلَآ : یاد رکھو اِنَّ : بیشک عَادًا : عاد كَفَرُوْا : وہ منکر ہوئے رَبَّهُمْ : اپنا رب اَلَا : یاد رکھو بُعْدًا : پھٹکار لِّعَادٍ : عاد کے لیے قَوْمِ هُوْدٍ : ہود کی قوم
اور (اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ) ان کے پیچھے لگا دی گئی لعنت اس دنیا میں بھی، اور قیامت کے روز بھی سن لو ! عاد نے کفر کیا اپنے رب کے ساتھ، پھر سن لو ! کہ عاد کو جو کہ ہود کی قوم تھی بہت دور پھینک دیا گیا اللہ تعالیٰ کی رحمت سے1
138 ۔ قوم عاد پر لعنت و پھٹکار۔ والعیاذ باللہ۔ سو قوم عاد کے سنگین جرائم اور ان کے ہولناک انجام کے ذکر وبیان کے سلسلے میں ارشاد فرمایا گیا کہ پیچھے لگا دی گئی ان کے لعنت دنیا میں بھی اور قیامت کے دن بھی۔ ان کے اپنے کفر و انکار اور تکذیب حق کے جرم عظیم کی بناء پر کہ حق سے دوری اور محرومی کے باعث یہ لوگ دارین میں حضرت حق۔ جل مجدہ۔ کی رحمت و عنایت سے محروم ہو کر ابدی ہلاکت و تباہی کے عمیق اور ہولناک گڑھے میں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے گرگئے۔ جو کہ سب سے بڑا اور انتہائی ہولناک خسارہ ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو تکذیب اور انکار حق کا جرم بڑا ہی سنگین اور ہولناک جرم ہے جو انسان کو دارین کی سعادت و سرخروئی سے محروم کرکے ابدی ہلاکت اور ہولناک گڑھے میں ڈالتا ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ بہرکیف وہ بدبخت لوگ جب اللہ کے رسولوں کی تکذیب کرکے ایسے سرکشوں اور ہٹ دھرموں کے پیچھے لگ گئے تو اس ہولناک انجام کے مستحق بن گئے اور لعنت کا طوق ان کے گلے میں پڑگیا اور وہ ہمیشہ ہمیش کے لیے ہولناک خسارے میں مبتلا ہوگئے۔ سو انسان کے لیے اس دنیا میں راستے دو ہی ہیں۔ ایک خدائے رحمان کا اور دوسرا متمرد شیطان کا۔ انسان کا اپنا اختیار ہے کہ وہ ان میں سے جونسا راستہ چاہے اختیار کرے۔ اور ان دونوں کے درمیان تیسرا راستہ کوئی نہیں کہ خدا بھی خوش رہے اور شیطان بھی ناراض نہ ہو۔ اور یہ بات بہرحال پیش نظر رکھنے کی ہے کہ ان دونوں میں سے پہلا راستہ دارین کی سعادت و سرخروئی کرنے والا راستہ ہے جبکہ دوسرا ہلاکت و تباہی کا راستہ ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے۔ آمین ثم آمین۔
Top