Tafseer-e-Madani - Al-Anbiyaa : 7
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا قَبْلَكَ اِلَّا رِجَالًا نُّوْحِیْۤ اِلَیْهِمْ فَسْئَلُوْۤا اَهْلَ الذِّكْرِ اِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُوْنَ
وَمَآ : اور نہیں اَرْسَلْنَا : ہم نے قَبْلَكَ : تم سے پہلے اِلَّا : مگر رِجَالًا : مرد نُّوْحِيْٓ : ہم وحی بھیجتے تھے اِلَيْهِمْ : ان کی طرف فَسْئَلُوْٓا : پس پوچھ لو اَهْلَ الذِّكْرِ : یاد رکھنے والے اِنْ : مگر كُنْتُمْ : تم ہو لَا تَعْلَمُوْنَ : تم نہیں جانتے
اور ان کا یہ شبہ کہ رسول انسان نہ ہونا چاہیے اس لئے بھی باطل ہے کہ ہم نے آپ سے پہلے انسانوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا جن کی طرف ہم اسی طرح وحی بھیجتے رہے سو تم لوگ پوچھ لو اہل علم سے اگر تم خود نہیں جانتے
10 لوگوں کیلئے رسول ہمیشہ انسانوں ہی کو بنایا گیا ہے : سو ارشاد فرمایا گیا اور ادوات حصر و قصر کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ ہم نے آپ سے پہلے [ اے پیغمبر ] انسانوں ہی کو رسول بنا کر بھیجا۔ نہ کہ کسی نوری مخلوق کو۔ پس ان لوگوں کا یہ اعتراض کہ یہ صاحب تم ہی جیسے ایک بشر ہیں { ہَلْ ہٰذَا الاَّ بَشَرٌ مِثْلُکُمْ } مطالبہ اور ان کا یہ استبعاد بجائے خود غلط اور باطل ہے کہ ایک بشر اور انسان کو کیوں رسول بنا کر بھیجا گیا۔ کیونکہ اللہ پاک کا دستور اور قانون ہمیشہ یہی رہا کہ بندوں کی ہدایت و راہنمائی کیلئے انسانوں ہی کو رسول بناکر بھیجا گیا۔ یہی عقل و نقل اور فطرت سلیمہ کا تقاضا ہے اور اسی سے ہدایت و راہنمائی کے تقاضے پورے ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے حضرت خاتم الانبیائ ﷺ سے پہلے جتنے بھی انبیاء و رسل بھیجے گئے وہ سب کے سب انسان و بشر اور مرد ہی تھے۔ تو پھر آنجناب کی نبوت و رسالت پر ان متکبرین و مکذبین کے ایسے اعتراض کی آخر کیا گنجائش ؟۔ سو جتنے بھی انبیائے کرام کو پیغام رسانی کے لیے بھیجا گیا وہ سب کے سب انسان اور بشر ہی تھے نہ کہ ما فوق البشر۔ ان کے لیے امتیاز صرف یہ تھا کہ ہم ان کی طرف وحی بھیجتے تھے اور بس۔ سو اسی طرح کی وحی ہم نے اب آپ کی طرف بھیجی ہے اے رسول۔ لہذا آپ اب ان لوگوں کی یا وہ گوئی کی کوئی پرواہ نہ کریں۔ اور وحی کا شرف و امتیاز وہ سب سے بڑا شرف و امتیاز ہے جس سے ان حضرات انبیاء و رسل کا مرتبہ و مقام اللہ پاک کی مخلوق میں سب سے بڑا ہوجاتا ہے مگر الٹی کھوپڑی اور ٹیڑھے دماغ کے لوگوں کو یہ اہم اور بنیادی حقیقت جو کہ عقل و فطرت کے تقاضوں کے عین مطابق سمجھنی ہمیشہ مشکل رہی۔ کل بھی ان کا یہی حال تھا اور آج بھی یہی ہے الا ما شاء اللہ سبحانہ وتعالیٰ ۔ والعیاذ باللہ جل وعلا -
Top