Tafseer-e-Madani - Al-Hajj : 19
هٰذٰنِ خَصْمٰنِ اخْتَصَمُوْا فِیْ رَبِّهِمْ١٘ فَالَّذِیْنَ كَفَرُوْا قُطِّعَتْ لَهُمْ ثِیَابٌ مِّنْ نَّارٍ١ؕ یُصَبُّ مِنْ فَوْقِ رُءُوْسِهِمُ الْحَمِیْمُۚ
ھٰذٰنِ : یہ دو خَصْمٰنِ : دو فریق اخْتَصَمُوْا : وہ جھگرے فِيْ رَبِّهِمْ : اپنے رب (کے بارے) میں فَالَّذِيْنَ : پس وہ جنہوں نے كَفَرُوْا : کفر کیا قُطِّعَتْ : قطع کیے گئے لَهُمْ : ان کے لیے ثِيَابٌ : کپڑے مِّنْ نَّارٍ : آگ کے يُصَبُّ : ڈالا جائے گا مِنْ فَوْقِ : اوپر رُءُوْسِهِمُ : ان کے سر (جمع) الْحَمِيْمُ : کھولتا ہوا پانی
ایمان وکفر والے یہ دو فریق ہیں جن کے درمیان جھگڑا ہے ان کے رب کے بارے میں سو ان میں جو اڑے ہوئے ہیں اپنے کفر وباطل پر ان کے لئے کپڑے کاٹے جا چکے ہیں آگ کے ان کے مجرمانہ قد کاٹھ کے مطابق اور مزید برآں ان کی خبر گیری کے لئے ان کے سروں کے اوپر سے ان پر ڈالا جائے گا ایسا کھولتا ہوا پانی
47 کافروں کیلئے آگ کے کپڑے کاٹے جاچکے ہیں : سو ارشاد فرمایا گیا کہ جو لوگ اڑے ہوئے ہیں اپنے کفر و باطل پر ان کے لیے آگ کے کپڑے کاٹے جا چکے ہیں۔ سو اپنے اختیار کردہ کفر و شرک کی بناء پر آگ کے یہ کپڑے آج بھی ان لوگوں کے جسموں پر موجود ہیں مگر امتحان و آزمائش کے تقاضوں کے پیش نظر آج وہ نظر نہیں آرہے۔ کل جب محنت و مجاہدہ کی اس دنیا سے گزر کر یہ لوگ آخرت کے اس دارالجزاء میں پہنچیں گے جو کہ عالم مشاہدہ ہوگا تو یہ سب پوشیدہ حقائق کھل کر سامنے آجائیں گے اور دوزخ کی وہ آگ ان کو چاروں طرف سے آ گھیرے گی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ جیسا کہ دوسری جگہ فرمایا گیا ۔ { سَرَابِیْلُہُمْ مِّنْ قَطِرَانٍ وَّ تَغْشٰی وُجُوْہَہُمُ النَّارُ } ۔ (ابراہیم : 50) ۔ نیز دوسری جگہ فرمایا گیا ۔ { لَہُمْ مِنْ جَہَنَّمَ مِہَادٌ وَّمِنْ فَوْقِہِمْ غَوَاشٍ } ۔ (الاعراف :41) ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اور " پھر کپڑے کاٹ دیئے گئے ہیں " کہ اس ارشاد ربانی میں یہ بلاغت اور استعارہ بھی ہے کہ جس طرح کپڑا انسان کے ناپ اور اس کی جسمانی ساخت کے مطابق اور اس کے کے برابر کاٹا جاتا ہے، اسی طرح ان کے یہ دوزخی کپڑے بھی انکے جرائم کے مطابق کاٹے جائیں گے ۔ والعیاذ باللہ ۔ ہم نے اپنے ترجمہ کے اندر بھی اس کی وضاحت کردی ہے ۔ والحمدللہ ۔ بہرکیف کافروں کیلئے دوزخ کی آگ کا ہولناک لباس ہوگا اور اس کو ماضی کے صیغے سے تعبیر فرمانا تحقق وقوع کیلئے ہے۔ (قرطبی وغیرہ) ۔ اللہ تعالیٰ زیغ و انحراف کے ہر شائبے سے ہمیشہ محفوظ اور پاک رکھے ۔ آمین۔
Top