Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 11
الَّذِیْنَ یَرِثُوْنَ الْفِرْدَوْسَ١ؕ هُمْ فِیْهَا خٰلِدُوْنَ
الَّذِيْنَ : جو يَرِثُوْنَ : وارث (جمع) الْفِرْدَوْسَ : جنت هُمْ : وہ فِيْهَا : اس میں خٰلِدُوْنَ : ہمیشہ رہیں گے
جو وارث ہوں گے فردوس بریں کے۔ جہاں ہمیشہ رہنا نصیب ہوگا ان خوش نصیبوں کو
11 فردوس بریں کے وارثوں کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا " جو وارث ہوں گے فردوسِ (بریں) کے "۔ جو کہ جنت کا سب سے اعلیٰ مقام ہے اور جس کے لئے صحیح حدیث میں دعا کی تلقین فرمائی گئی ہے۔ سو یہی ہے سب سے بڑی اور اصل اور حقیقی کامیابی۔ حضرت عمر ؓ سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ مجھ پر دس ایسی آیتیں نازل ہوئیں کہ جس نے ان پر پوری طرح عمل کیا وہ جنت میں داخل ہوگیا۔ پھر آپ ﷺ نے یہی آیات کریمہ تلاوت فرمائیں۔ (المراغی وغیرہ) ۔ سو جنت جو انکے باپ کی میراث نہیں تھی وہ ان کو واپس مل جائے گی۔ 12 جنت میں ہمیشہ رہنے کی خوشخبری : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ایسے خوش نصیب اس بہشت بریں کے وارث ہوں گے جہاں ان ۔ خوش نصیبوں ۔ کو ہمیشہ رہنا نصیب ہوگا۔ نہ ان کو وہاں سے نکالا جائے گا اور نہ ہی ان کو وہاں موت آئے گی کہ انہوں نے دنیا میں ایمان و یقین کی دولت سے سرفرازی کے بعد اپنے آپ کو ان اخلاق عالیہ اور آداب فاضلہ سے مزین و آراستہ کیا ہوگا۔ سو ان خوش نصیبوں کو جنت کی وہ میراث واپس مل جائے گی جس سے ان کے باپ آدم کو نکالا گیا تھا۔ لیکن ان کو اپنی یہ میراث اس شان سے واپس ملے گی کہ ان کو اس سے نکالے جانے کا کوئی اندیشہ نہیں ہوگا بلکہ یہ اس میں اپنے باپ کے ساتھ ہمیشہ ہمیش کے لیے رہیں گے۔ اس لیے کہ یہ اپنی دنیاوی زندگی کے دوران معرکہ حق و باطل اور مقابلہ خیر وشر میں اپنے ازلی دشمن شیطان کو شکست دے کر اس میں داخل ہوں گے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید -
Top