Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 118
وَ قُلْ رَّبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَ اَنْتَ خَیْرُ الرّٰحِمِیْنَ۠   ۧ
وَقُلْ : اور آپ کہیں رَّبِّ : اے میرے رب اغْفِرْ : بخش دے وَارْحَمْ : اور رحم فرما وَاَنْتَ : اور تو خَيْرُ الرّٰحِمِيْنَ : بہترین رحم کرنے والا ہے
اور اے پیغمبر آپ یوں کہا کریں کہ اے میرے رب، بخشش فرما، اور رحم فرما کہ تو ہی ہے سب سے بڑا رحم کرنے والا۔2
137 ایک عظیم الشان دعا کی تعلیم و تلقین : سو ارشاد فرمایا گیا " اور کہو اے میرے رب میری بخشش فرما اور مجھ پر رحم فرما "۔ ان غلطیوں، کوتاہیوں اور خطاؤں کی جو راہ حق میں ہم سے سرزد ہوجاتی ہیں۔ اور رحم فرما ہم پر۔ ہمیں صحیح اقوال اور صالح اعمال کی توفیق و عنایت سے نواز کر۔ سو مغفرت اور رحمت حضرت حق ۔ جل مجدہ ۔ کی دو ایسی عظیم الشان عنایتیں ہیں جو درحقیقت دارین کی سعادت اور فوز و فلاح کی شاہ کلید اور اس کی کفیل وضامن ہیں۔ اسی لئے اس آیت کریمہ میں آنحضرت ﷺ کو اور آپ ﷺ کے توسط سے آپ ﷺ کی امت کے ہر فرد کو ان دونوں کے مانگنے اور سوال کرنے کی تعلیم و تلقین فرمائی گئی ہے۔ کیونکہ مغفرت و بخشش کا مقتضیٰ یہ ہے کہ گزشتہ وہ سب لغزشیں اور کو تاہیاں اور گناہ و قصور ہم سے معاف فرما دئے جائیں جو بتقاضائے بشریت اور نفس و شیطان کے اغواء و تغریر کی بناء پر انسان سے سرزد و صادر ہوجاتے ہیں۔ جبکہ رحمت خدا وندی کا حاصل یہ ہے کہ انسان آئندہ کے لئے راہ حق و صواب پر گامزن رہے اوراقوال و اعمال میں سب صحت و درستی اور صلاح و اصلاح سے شاد کام اور فائز المرام رہے۔ (ابن کثیر وغیرہ ) ۔ اور اس میں آنحضرت ﷺ کو خطاب فرما کر اس کی تعلیم و تلقین فرمانے میں یہ خاص درس ہے کہ جب حضرت امام الانبیائ ﷺ کو باوجود اس عظمت شان، رفعت مکان اور معصوم ہونے کے اس کا حکم و ارشاد فرمایا جا رہا ہے تو پھر آپ ﷺ کی امت اور امت کا ہر فرد اس کا کس قدر محتاج ہے ؟۔ (ابن جریر، روح، قرطبی، اضواء البیان، فتح القدیر، التحریر والتنویر اور المعارف وغیرہ) ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید بکل حال من الاحوال - 138 اللہ کی رحمت کا حوالہ وذکر : سو ارشاد فرمایا گیا اور تو ہی ہے اے میرے مالک سب سے بڑا رحم فرمانے ولا ایسا مہربان اور اس قدر رحم فرمانے والا کہ اس کی رحمت کا کوئی کنارہ نہیں۔ جس کی رحمت بہا نہیں چاہتی، بہانے ڈھونڈتی ہے۔ اور جس کی رحمت کے بعد کسی اور کی رحمت و عنایت کی کوئی حاجت نہیں رہتی ۔ فلک الحمدُ یا ربی ولک الشکر قبل کل شیء وبعد کل شیء ۔ انت ربنا ونحن عبید لک ۔ انت المستعان و علیک التکلان ۔ و لا حول و لا قوۃ الا بک وحدک ۔ وصل اللہم وسلم علی نبیک وصفیک وخلیلک وحبیبک سیدنا محمد و علی آلہ الطیبین و اصحابہ الطاہرین ومن اہتدی بہدیہ ودعا بدعوتہ واستن بسنتہ و سار علی دربہ الی یوم الدین و آخردعوانا ان الحمد للہ رب العالمین و انا عبدک العاصی ولعفوک ورحمتک الراجی، محمد اسحٰق خان ۔ غفر اللہ لہ ولوالدیہ و لأہلیہ و لاولادہ واساتذتہ و مشائخہ اجمعین ۔ انک انت السمیع القریب المجیب وعلی ما تشاء قدیر -
Top