Tafseer-e-Madani - An-Noor : 5
اِلَّا الَّذِیْنَ تَابُوْا مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ وَ اَصْلَحُوْا١ۚ فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ
اِلَّا : مگر الَّذِيْنَ تَابُوْا : جن لوگوں نے توبہ کرلی مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ : اس کے بعد وَاَصْلَحُوْا : اور انہوں نے اصلاح کرلی فَاِنَّ : تو بیشک اللّٰهَ : اللہ غَفُوْرٌ : بخشنے والا رَّحِيْمٌ : نہایت مہربان
سوائے ان لوگوں کے جو اس کے بعد توبہ کرلیں اور وہ اپنی اصلاح بھی کرلیں تو ان کا گناہ معاف ہوجائے گا کہ بیشک اللہ بڑا ہی معاف کرنے والا نہایت ہی مہربان ہے۔
14 اللہ تعالیٰ کی بخشش اور رحمت کی امید : سو ارشاد فرمایا گیا اور کلمات تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ " بیشک اللہ بڑا ہی بخشنے والا نہایت ہی مہربان ہے "۔ سو سچی توبہ پر وہ سب گناہوں کو معاف فرما دیتا ہے۔ لہذا قذف کا گناہ بھی معاف ہوجائے گا اور ایسا شخص آخرت کی پکڑ سے بھی بچ جائے گا اور فسق کا لقب بھی اس سے اٹھ جائے گا۔ مگر حد ساقط نہیں ہوگی۔ کہ وہ بندے کا حق ہے۔ اس بات پر تو سب کا اجماع و اتفاق ہے۔ البتہ اس کی شہادت اور گواہی کے قبول ہونے نہ ہونے کے بارے میں علماء کا اختلاف ہے۔ امام ابوحنیفہ (رح) اور سفیان ثوری (رح) وغیرہ فرماتے ہیں کہ اس استثناء کا تعلق اس سے نہیں ہے۔ لہذا ان کی گواہی توبہ کے بعد بھی قبول نہیں ہوگی۔ جبکہ امام شافعی (رح) وغیرہ کا کہنا ہے کہ وہ بھی استثناء میں داخل ہے۔ لہذا توبہ کے بعد ان کے مردود الشہادۃ ہونے کی سزا بھی ان سے اٹھ جائے گی اور آئندہ ان کی گواہی قابل قبول ہوگی۔ (قرطبی، مراغی، ابن کثیر، معارف وغیرہ) ۔ وَ الْمَزِیْدُ مِنَ التَّفْصِیْلِ فِی الْمُفَصِّلِ اِنْ شَائَ اللّٰہُ تعالیٰ ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید -
Top