Tafseer-e-Madani - Al-Furqaan : 62
وَ هُوَ الَّذِیْ جَعَلَ الَّیْلَ وَ النَّهَارَ خِلْفَةً لِّمَنْ اَرَادَ اَنْ یَّذَّكَّرَ اَوْ اَرَادَ شُكُوْرًا
وَهُوَ : اور وہی الَّذِيْ جَعَلَ : جس نے بنایا الَّيْلَ : رات وَالنَّهَارَ : اور دن خِلْفَةً : ایک دوسرے کے پیچھے آنیولا لِّمَنْ اَرَادَ : اس کے لیے جو چاہے اَنْ يَّذَّكَّرَ : کہ وہ نصیحت پکڑے اَوْ اَرَادَ : یا چاہے شُكُوْرًا : شکر گزار بننا
اور وہ وہی ہے جس نے بنایا رات اور دن کو ایک دوسرے کے پیچھے آنے جانے والے تاکہ یہ سامان عبرت و بصیرت ہوں ہر اس شخص کے لیے جو نصیحت حاصل کرنا چاہے یا شکرگزار بننا چاہے2
79 تذکّر و تشکّر کی دو حیثیتوں کا ذکر وبیان : سو اس سے نشان ہائے قدرت میں تذکر و تشکر کی دو حیثیتوں کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے۔ سو تذکر اور تشکر کے دو لفظوں سے در اصل ان نشانہائے قدرت کی دو حیثیتوں کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے۔ یعنی ان سب نشانات قدرت کی دو حیثیتیں ہیں۔ ایک طرف تو یہ اپنے خالق کی عظمت شان اور اس کی وحدانیت مطلقہ کے کھلے دلائل ہیں۔ اس لئے جو شخص نصیحت حاصل کرنا چاہے وہ آنکھیں کھول کر ان کو دیکھے اور ان میں غور و فکر کر کے اپنے ایمان و یقین کو پکا کرے۔ جبکہ دوسری طرف ان میں انسان کے لئے طرح طرح کے فوائد اور بیشمار منافع بھی ہیں۔ لہذا ان پر نظر کرتے ہوئے وہ اس وہاب مطلق کا شکریہ ادا کرے اور اس کے حضور سراپا امتنان بن جائے جس نے محض اپنے فضل و کرم سے اس کو ان عظیم الشان نعمتوں سے نواز ہے ۔ اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنَا مِنَ الذِّاکِرِیْنَ وَالشّٰکِرِیْنَ لَکَ بِمَحْضِ مَنِّکَ وَکَرَمِکَ یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ ۔ سو تذکر عقل کا فعل ہے اور شکر دل کا۔ پس انسان جب صحیح طور سے کائنات میں پھیلی بکھری اور ان عظیم الشان نشانیوں میں غور و فکر سے کام لیتا ہے تو اس کی عقل و فکر کی دنیا کو جلا ملتی ہے۔ اور اس کے دل کی دنیا جذبات شکر سے لبریز و معمور ہوجاتی ہے۔ اور اس طرح یہ نشانہائے قدرت انسان کے لیے فائدے پر فائدے اور نور علی نور کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔ جبکہ اس صحیح زاویہ نگاہ سے محرومی کی صورت میں ۔ والعیاذ باللہ ۔ انسان اندھا اور اوندھا ہوجاتا ہے۔ اور وہ انہی ظواہر اور مادیات میں الجھ کر رہ جاتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ ان کی پوجا کرنے لگتا ہے۔ اور اس طرح وہ اسفل السافلین کے ہاویہ ذلت و ہلاکت میں گر کر رہتا ہے جو کہ خساروں کا خسارہ اور ہلاکتوں کی ہلاکت ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top