Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 168
قَالَ اِنِّیْ لِعَمَلِكُمْ مِّنَ الْقَالِیْنَؕ
قَالَ : اس نے کہا اِنِّىْ : بیشک میں لِعَمَلِكُمْ : تمہارے فعل سے مِّنَ : سے الْقَالِيْنَ : نفرت کرنے والے
لوط نے کہا بیشک میں ان لوگوں میں سے ہوں جو کہ کڑھ رہے ہیں تمہارے کرتوتوں کی وجہ سے
83 قوم کی فیصلہ کن دھمکی پر حضرت لوط کا بھرپور جواب : سو قوم کی طرف سے اس فیصلہ کن دھمکی کے جواب میں حضرت لوط نے اپنے جواب میں بھرپور انداز بیان میں بدبختوں سے فرمایا کہ " میں تمہارے اس عمل سے شدید بغض اور نفرت رکھتا ہوں "۔ یعنی تمہاری ان دھمکیوں سے۔ نہ میں راہ حق سے ہٹنے والا ہوں اور نہ حق کو چھوڑ سکتا ہوں۔ اور تمہارے کرتوتوت ایسے بد اور برے ہیں کہ مجھے ان کی بنا پر بہرحال سخت کڑھن اور گھٹن ہے۔ اور یہ ایسے برے ہیں کہ ہر اس شخص کو ان سے نفرت ہوگی جسکی فطرت سلیم اور اس کی عقل مستقیم ہوگی۔ اور میں ایسے ہی بغض رکھنے والوں میں سے ہوں۔ " قلی " کے معنیٰ شدید نفرت اور بغض کے ہیں۔ سو حضرت لوط نے اپنے اس پرزور جواب سے ان لوگوں پر واضح فرما دیا کہ اگر تم لوگوں کو مجھ سے عناد اور بیزاری کا سبب یہ ہے کہ میں تمہارے اس عمل پر تمہیں ملامت کرتا ہوں تو تم لوگ یاد رکھو کہ تمہاری یہ دھمکی مجھے نہ اس سے روک سکتی ہے اور نہ ہی مجھے اس بارے ذرہ برابر نرم کرسکتی ہے۔ تم لوگ کان کھول کر سن لو کہ میں تمہارے اس عمل سے شدید بغض رکھتا ہوں۔ پس تم لوگ میرے خلاف جو کچھ کرنا چاہو کرلو مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ میرا بھروسہ اپنے رب پر ہے۔
Top