Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 221
هَلْ اُنَبِّئُكُمْ عَلٰى مَنْ تَنَزَّلُ الشَّیٰطِیْنُؕ
هَلْ : کیا اُنَبِّئُكُمْ : میں تمہیں بتاؤں عَلٰي مَنْ : کسی پر تَنَزَّلُ : اترتے ہیں الشَّيٰطِيْنُ : شیطان (جمع)
لوگو ! کیا میں تم کو یہ بات نہ بتادوں کہ شیطان کس پر اترا کرتے ہیں ؟
116 شیاطین کن لوگوں پر اترتے ہیں ؟ : سو ارشاد فرمایا گیا " کیا میں تم لوگوں کو نہ بتادوں کہ شیطان کس پر اترتے ہیں ؟ "۔ اوپر فرمایا گیا تھا کہ اس کتاب مبارک کو نہ شیطان لاسکتے ہیں اور نہ ہی وہ اس قابل ہیں۔ اب یہاں فرمایا جا رہا ہے کہ آؤہم تمہیں بتائیں کہ شیطان کس قماش کے لوگوں پر اترا کرتے ہیں۔ وہ کیسے لوگ ہوتے ہیں اور ان کی امتیازی صفات کیا ہوتی ہیں ؟ کافر لوگ حضور ﷺ کیخلاف یہ پروپیگنڈہ کرتے تھے کہ آپ ﷺ ۔ نعوذ باللہ ۔ کاہن ہیں۔ اور جس طرح کاہنوں پر ان کے شیاطین غیب کی باتیں القاء کرتے ہیں اسی طرح آپ ﷺ پر بھی یہ شیاطین اس کلام کا القاء کرتے ہیں جس کو یہ صاحب وحی کے نام سے ہمارے سامنے پیش کرتے ہیں۔ تو اس پر ان سے فرمایا جا رہا ہے کہ اگر تم لوگ یہ جاننا چاہتے ہو کہ شیاطین کس طرح کے لوگوں پر اترتے ہیں تو آؤ میں تم کو بتاتا ہوں کہ وہ کون اور کیسے لوگ ہوتے ہیں۔ سو وہ ان لوگوں پر اترتے ہیں جو جھوٹے، دھوکے باز اور گناہوں میں لتھڑے ہوتے ہیں کہ مکھی گند ہی پر بیٹھتی ہے ۔ والعیاذ باللہ -
Top