Tafseer-e-Madani - Ash-Shu'araa : 35
یُّرِیْدُ اَنْ یُّخْرِجَكُمْ مِّنْ اَرْضِكُمْ بِسِحْرِهٖ١ۖۗ فَمَا ذَا تَاْمُرُوْنَ
يُّرِيْدُ : وہ چاہتا ہے اَنْ : کہ يُّخْرِجَكُمْ : تمہیں نکال دے مِّنْ : سے اَرْضِكُمْ : تمہاری سرزمین بِسِحْرِهٖ : اپنے جادو سے فَمَاذَا : تو کیا تَاْمُرُوْنَ : تم حکم (مشورہ) دیتے ہو
جس کا مقصد یہ ہے کہ نکال باہر کرے تم سب کو تمہاری اپنی سرزمین سے اپنے جادو کے زور سے سو اب تم لوگ کیا حکم دیتے ہو ؟
24 معجزئہ موسوی کی ضرب کاری اور فرعون کی عیاری : سو یہ دونوں کھلے معجزے دیکھنے کے باوجود فرعون نے حق کو تسلیم کرنے اور اس کے آگے جھکنے کی بجائے اپنے حواریوں اور درباریوں سے کہا اور پوری ڈھٹائی سے کہا کہ یہ شخص تو یقینا ایک بڑا ماہر جادوگر ہے جو اپنے جادو کے زور سے تم لوگوں کو تمہارے ملک سے نکال باہر کرنا چاہتا ہے۔ تو تم لوگ کیا حکم دیتے ہو ؟ سو یہاں پر حق کی ضرب کاری کا اثر و نتیجہ ملاحظہ ہو کہ کہاں فرعون کی وہ شورا شوری اور اکڑفوں کہ ۔ { اَنَا رَبُّکُمُ الاَعْلٰی } ۔ کے نعرے لگ رہے ہیں اور کہاں یہ خوفزدگی اور حواس باختگی کہ اپنے ماتحتوں اور درباریوں سے کہا جا رہا ہے کہ تم مجھے کیا حکم دیتے ہو ؟ پھر تضاد ملاحظہ ہو کہ ادھر حضرت موسیٰ کو جادوگر بتارہا ہے اور ادھر یہ بھی کہہ رہا ہے کہ یہ شخص اپنے جادو کے زور سے تم لوگوں کو تمہارے ملک سے نکال باہر کرنا چاہتا ہے۔ کیا جادو کے زور سے بھی کبھی کسی نے کسی قوم کو اس کے ملک سے نکال باہر کیا ہے ؟ سو اس سے فرعون کی بوکھلاہٹ اور اس کے اضطراب کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اور یہی خاصہ ہوتا ہے ایمان و یقین سے محرومی کا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف معجزئہ موسوی کی ضرب کاری نے فرعون کے اندر کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس کے خدائی کے دعوے میں زلزلہ بپا کردیا تھا۔ مگر اس ملعون نے اپنے حواریوں کو اس کے اثر سے بچانے کیلئے اس چالاکی اور عیاری سے کام لیا کہ اس کو جادوگری کا اثر قرار دیا اور مزید یہ کہا کہ یہ شخص اور اس کا یہ کھیل تمہارے لیے بڑے خطرے کا باعث ہے کہ یہ اپنے جادو کے زور سے تم کو اس ملک سے نکال دینا چاہتا ہے اور تمہاری تہذیب کو ختم کردینا چاہتا ہے۔ اور اس طرح اس نے اپنے حواریوں کو حضرت موسیٰ کے خلاف اکسانا اور بھڑکانا چاہا۔ اور یہی طریقہ ہوتا ہے بازیگران سیاست کا۔ کل بھی یہی تھا اور آج بھی یہی ہے ۔ الا ما شاء اللہ -
Top