Maarif-ul-Quran - Al-Hijr : 51
وَ مَكَرُوْا مَكْرًا وَّ مَكَرْنَا مَكْرًا وَّ هُمْ لَا یَشْعُرُوْنَ
وَمَكَرُوْا : اور انہوں نے مکر کیا مَكْرًا : ایک تدبیر وَّمَكَرْنَا : اور ہم نے خفیہ تدبیر کی مَكْرًا : ایک تدبیر وَّهُمْ : اور وہ لَا يَشْعُرُوْنَ : نہ جانتے تھے
تو انہوں نے ایک سازش کی اور ہم نے ان کی سازش کا توڑ اس طرح پیش کیا کہ انھیں پتہ تک نہ چلا،
55 مفسدین کی چال کے مقابلے میں اللہ کی چال : یعنی انہوں نے تو اپنی چال کے ذریعے اللہ کے نبی کو ختم کرنا چاہا مگر اللہ پاک نے اس کے نتیجے میں ان کو اس طرح پکڑا کہ ان کو اس کی خبر تک نہ ہونے پائی۔ اور یہ لوگ ہمیشہ ہمیش کیلئے مٹ مٹا کر قصہ پارینہ بن کر رہ گئے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو انہوں نے تو آپس میں مل کر اللہ کے پیغمبر پر شبخون مارنے اور دھاوا بولنے کی تدبیر کی۔ اور ان کا خیال یہ تھا کہ ان کی اس چال کیخلاف کوئی کچھ نہیں کرسکے گا۔ مگر اس کیخلاف جس چال کا فیصلہ ہم نے کیا تھا اس کا مقابلہ تو درکنار انکو اس کا پتہ بھی نہیں چلا۔ سو دیکھ لو اے دیدئہ عبرت و بصیرت رکھنے والو کہ کیسا ہوا ان کا انجام کہ انکو ہمیشہ ہمیش کیلئے تہس نہس کرکے رکھ دیا گیا ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو حق کا انکار اور اس کی تکذیب کا آخری نتیجہ وانجام بہرحال ہلاکت و تباہی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ اللہ تعالیٰ فکر وعمل کے ہر زیغ و ضلال سے ہمیشہ محفوظ رکھے ۔ آمین۔
Top