Tafseer-e-Madani - An-Naml : 55
اَئِنَّكُمْ لَتَاْتُوْنَ الرِّجَالَ شَهْوَةً مِّنْ دُوْنِ النِّسَآءِ١ؕ بَلْ اَنْتُمْ قَوْمٌ تَجْهَلُوْنَ
اَئِنَّكُمْ : کیا تم لَتَاْتُوْنَ : آئے ہو الرِّجَالَ : مردوں کے پاس شَهْوَةً : شہوت رانی کے لیے مِّنْ : عورتوں کے سوا دُوْنِ النِّسَآءِ : عورتوں کو چھوڑ کر بَلْ : بلکہ اَنْتُمْ : تم قَوْمٌ : لوگ تَجْهَلُوْنَ : جہالت کرتے ہو
کیا تم لوگ عورتوں کو چھوڑ کر مردوں کے پاس شہوت رانی کے لیے آتے ہو ؟ حقیقت یہ ہے کہ تم لوگ سخت جہالت کا کام کرتے ہو۔
59 حضرت لوط کا اپنی قوم سے درد بھرا خطاب : سو اس سے حضرت لوـط کے درد بھرے خطاب کا نمونہ پیش فرمایا گیا ہے۔ اس دیکھیے اور دور حاضر کے ایک جمہوری ملک کا ایک حیا باختہ کردار بھی ملاحظہ کیجیے۔ سو حضرت لوط نے اپنی قوم سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ " تم لوگ آنکھوں دیکھتے ہوئے ایسی بےحیائی کا ارتکاب کرتے ہو ؟ "۔ جس کو شریف انسان کیلئے زبان پر لانا بھی مشکل ہے ؟۔ اور کیا تم لوگ ایک ایسا شرمناک اور بےہودہ کام کرتے ہو جو ایک جانور بھی نہیں کرتا اور جو تمہارے لئے دنیا و آخرت اور ایمان و غیرت سب کی تباہی کا باعث ہے۔ مگر یہاں پر ذرا رک کر اس فعل شنیع کی شناعت و قباحت کو بھی دیکھئے اور اس سے متعلق دور حاضر کی روشن خیال دنیا کا رویہ بھی دیکھئے کہ دور حاضر میں روشن خیالی کی سب سے بڑی دعویدار برطانوی حکومت کی پارلیمنٹ بھرے اجلاس میں اور تالیوں کی گونج میں بھاری اکثریت سے یہ قانون پاس کرتی ہے کہ مرد مرد سے بدفعلی کرسکتا ہے۔ کہ یہ اس کی آزادی کا تقاضا ہے۔ یہ ہیں اس مادر پدر آزاد جمہوریت کے کرشمے اور اس کے زہریلے اثرات وثمرات جس کا چار دانگ عالم میں ایک شور بپا ہے۔ کیا ایسی جمہوریت کا اسلام سے کوئی تعلق اور جوڑ ہوسکتا ہے ؟ اور کیا اسلام جیسا دین حق اس طرح کی کسی بےغیرتی اور دیوثی کو کسی بھی درجے میں کبھی برداشت کرسکتا ہے ؟ نہیں اور ہرگز نہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف حضرت لوط نے اپنی قوم کے ان بدبختوں کے ضمیروں کو جھنجھوڑتے ہوئے اور ان کے دلوں پر دستک دیتے ہوئے ان سے یہ درد و سوز بھرا خطاب فرمایا کہ تم لوگ کیسے اندھے اور اوندھے ہوگئے ہو کہ عورتوں کو چھوڑ کر مردوں سے شہوت رانی کرتے ہو۔ اور ظاہر ہے کہ یہ چیز حضرت خالق ۔ جل مجدہ ۔ کے احکام کی خلاف ورزی اور فطرت کے تقاضوں کے خلاف جنگ ہے۔ اور اس کا نتیجہ وانجام بڑا برا۔ اور نہایت ہولناک ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top