Tafseer-e-Madani - Al-Qasas : 43
وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ مِنْۢ بَعْدِ مَاۤ اَهْلَكْنَا الْقُرُوْنَ الْاُوْلٰى بَصَآئِرَ لِلنَّاسِ وَ هُدًى وَّ رَحْمَةً لَّعَلَّهُمْ یَتَذَكَّرُوْنَ
وَلَقَدْ اٰتَيْنَا : اور تحقیق ہم نے عطا کی مُوْسَى : موسیٰ الْكِتٰبَ : کتاب (توریت مِنْۢ بَعْدِ : اس کے بعد مَآ اَهْلَكْنَا : کہ ہلاک کیں ہم نے الْقُرُوْنَ : امتیں الْاُوْلٰى : پہلی بَصَآئِرَ : (جمع) بصیرت لِلنَّاسِ : لوگوں کے لیے وَهُدًى : اور ہدایت وَّرَحْمَةً : اور رحمت لَّعَلَّهُمْ : تاکہ وہ يَتَذَكَّرُوْنَ : نصیحت پکڑیں
اور بلاشبہ ہم نے موسیٰ کو بھی وہ کتاب دی تھی اس کے بعد کہ ہم نے ہلاک و برباد کردیا تھا پہلی قوموں کو بصیرتوں کے سامان کے طور پر لوگوں کے لیے اور ہدایت دینے کے لئے اور رحمت کا ذریعہ بنا کر تاکہ وہ لوگ نصیحت حاصل کریں
53 کتاب الہی بصیرتوں کا سامان اور ہدایت و رحمت کا ذریعہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " پہلی قوموں کی ہلاکت کے بعد ہم نے موسیٰ کو وہ کتاب عطا کی جو کہ لوگوں کے لیے بصیرتوں کا مجموعہ تھی سراسر ہدایت اور عین رحمت بنا کر تاکہ وہ لوگ سبق لیں اور اس کی روشنی میں اپنے لیے دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفرازی کا سامان کریں "۔ سو بصیرتوں کے اس سامان پر اگر وہ لوگ غور کرتے اور اس کو سچے دل سے اپناتے اور قبول کرتے اور اس پر ایمان لے آتے تو اس سے ان کو حق کی وہ راہ ملتی اور ہدایت کی وہ روشنی نصیب ہوتی جس سے یہ دارین کی سعادتوں اور فوز و فلاح سے سرفراز اور مشرف ہوتے۔ مگر انہوں نے اس سے منہ موڑ کر اور حق کا انکار کرکے اپنے آپ کو دائمی ہلاکت اور تباہی کے گڑھے میں ڈال دیا ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو کتاب الہی بہرحال بصیرتوں کا سامان ہوتی ہے۔ بصیرت باطن کی روشنی کو کہا جاتا ہے جس سے انسان کے دل و دماغ روشن ہوتے ہیں۔ سو کتاب الہی کی روشنی اور نور حق و ہدایت کی برکت سے انسان کے دل و دماغ کی صلاحیتوں اور تعقل و تفکر کی قوتوں کو جلا ملتی ہے۔ سو انسان جب جلا بخشنے والی ان آیتوں کو صدق دل سے اپناتا اور اختیار کرتا ہے تو کتاب الہی اس کیلئے ہدایت اور نور بن جاتی ہے۔ اور وہ اس کیلئے راہ حق کو روشن اور واضح کردیتی ہے۔ اور پھر اس کو رحمت سے نوازتی ہے جس کی آخری صورت جنت کی سدا بہار نعمتوں سے سرفرازی ہے۔ سو بصیرت اور ہدایت و رحمت کی یہ تینوں صفتیں اپنے دور میں تورات میں بھی موجود تھیں۔ اور اب یہ اپنی آخری اور کامل شکل میں قرآن حکیم کی اس کتاب کامل میں پائی جاتی ہیں ۔ والحمد للہ ۔ سو جو لوگ اس پر ایمان سے محروم ہیں وہ سراسر اندھیروں کے اندر ہیں ۔ والعیاذ باللہ -
Top