Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 125
بَلٰۤى١ۙ اِنْ تَصْبِرُوْا وَ تَتَّقُوْا وَ یَاْتُوْكُمْ مِّنْ فَوْرِهِمْ هٰذَا یُمْدِدْكُمْ رَبُّكُمْ بِخَمْسَةِ اٰلٰفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِكَةِ مُسَوِّمِیْنَ
بَلٰٓى : کیوں نہیں اِنْ : اگر تَصْبِرُوْا : تم صبر کرو وَتَتَّقُوْا : اور پرہیزگاری کرو وَيَاْتُوْكُمْ : اور تم پر آئیں مِّنْ : سے فَوْرِھِمْ : فوراً ۔ وہ ھٰذَا : یہ يُمْدِدْكُمْ : مدد کرے گا تمہاری رَبُّكُمْ : تمہارا رب بِخَمْسَةِ : پانچ اٰلٰفٍ : ہزار مِّنَ : سے الْمَلٰٓئِكَةِ : فرشتے مُسَوِّمِيْنَ : نشان زدہ
ہاں کیوں نہیں، اگر تم ثابت قدم رہے، اور تم تقوٰی (وپر ہیزگاری) پر قائم رہے، اور وہ لوگ تم پر یکبارگی حملہ آور ہوگئے، تو تمہارا رب تمہاری مدد فرمائے گا، پانچ ہزار ایسے فرشتوں سے جو کہ خاص نشانوں والے ہوں گے
260 اہل ایمان کیلئے فرشتوں کی خصوصی فوج کا انتظام : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اگر تم لوگ ثابت قدم رہے اور تم تقوی و پرہیزگاری کی روش پر قائم رہے اور وہ لوگ تم لوگوں پر یکبارگی حملہ آور ہوگیے تو تمہارا رب تمہاری مدد فرمائے گا پانچ ہزار ایسے فرشتوں سے جو خاص نشانوں والے ہوں گے۔ یعنی ایسے خاص نشانیوں والے جن سے ظاہرہو گا کہ یہ فرشتوں کا خاص لشکر ہے جو تمہاری مدد کیلئے بھیجا جا رہا ہے، اس لئے وہ خاص نشانات والے فرشتے ہوں گے، جس طرح کہ مختلف فوجی یونٹوں کے مختلف نشانات ہوتے ہیں، جن سے ان کی پہچان ہوتی ہے۔ اسی طرح ملائکہء کرام کے اس خاص لشکر کے بھی خاص نشانات ہوں گے جو تمہاری مدد کیلئے بھیجے جائیں گے۔ سو اہل ایمان جب اپنے خالق ومالک کے ساتھ تعلق صحیح رکھتے ہیں، اپنے دل کا بھروسہ و اعتمادبھی اسی وحدہ لاشریک پر رکھتے ہیں اور اپنے ایمان و عقیدہ کے تقاضے صحیح طور پر پورے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو اپنے ایسے ہی خاص انعامات سے نوازتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اللہ ہمیشہ اپنی رضا اور خوشنودی کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے ۔ آمین۔
Top