Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 169
وَ لَا تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ قُتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَمْوَاتًا١ؕ بَلْ اَحْیَآءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ یُرْزَقُوْنَۙ
وَلَا : اور نہ تَحْسَبَنَّ : ہرگز خیال کرو الَّذِيْنَ : جو لوگ قُتِلُوْا : مارے گئے فِيْ : میں سَبِيْلِ : راستہ اللّٰهِ : اللہ اَمْوَاتًا : مردہ (جمع) بَلْ : بلکہ اَحْيَآءٌ : زندہ (جمع) عِنْدَ : پاس رَبِّھِمْ : اپنا رب يُرْزَقُوْنَ : وہ رزق دئیے جاتے ہیں
اور تم ان لوگوں کو جو کہ اللہ کی راہ میں مارے جائیں کبھی مردہ نہیں سمجھنا کہ وہ (حقیقت میں) زندہ ہیں، اپنے رب کے یہاں رزق (بےگمان) پا رہے ہیں1
364 شہیدوں کو مردہ سمجھنے کی ممانعت : سو ارشاد فرمایا گیا کہ تم ان لوگوں کو کبھی مردہ مت سمجھنا جو اللہ کی راہ میں مارے جائیں ۔ کہ وہ زندہ ہیں، اور ایسے زندہ کہ ان کی وہ زندگی اس دنیاوی زندگی سے کہیں بڑھ کر اعلیٰ وارفع ہے۔ اور ان کو وہاں پر اپنے رب کے جوار رحمت میں وہ رزق اور ایسی روزی نصیب ہوتی ہے جس کا یہاں پر تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ سو شہادت کی موت توا للہ پاک کی ایک عظیم نعمت ہے جس سے مشرف ہونے کے لئے مومن صادق تمنا کرتا ہے۔ یہ کوئی ایسی چیز تھوڑی ہی ہے جس سے ڈرایا اور بھگایا جائے ۔ سبحان اللہ ۔ کیا دولت ہے ایمان و یقین کی یہ دولت، جس میں ناکامی کی کوئی صورت ہے ہی نہیں۔ اور جس سے موت بھی ایسی نعمت بن جاتی ہے جو آگے طرح طرح کی نعمتوں کا پیش خیمہ بن جاتی ہے ۔ فَزِدْنَا اللّٰہُمَّ اِیْمَانًا بِکَ وَیَقِیْنًا ۔ وَارْزُقْنَا شَہَادَۃً فِیْ سَبِیْلِکَ ۔ وَاجْعَل اللّٰہُمَّ حَیَاتَنَا زِیَادَۃً مِّنْ کُلّ خَیْرٍ وَمَوْتَنَا رَاحَۃً مِنْ کُلّ شَرٍّ ۔ سو جو لوگ شہادت کی موت کو خسارہ سمجھتے ہیں وہ خود بڑے ہولناک خسارے میں پڑے ہیں۔ بہرکیف اس ارشاد سے صاف اور صریح طور پر واضح فرما دیا گیا کہ اللہ کی راہ میں مارے جانے والوں کو کبھی مردہ نہیں سمجھنا بلکہ وہ زندہ ہیں اور اپنے رب کے یہاں سے ملنے والے رزق سے بہرہ مند و سرفراز ہو رہے ہیں۔ مگر ان کی یہ زندگی عالم برزخ کی ایک ایسی امتیازی زندگی ہے جس کی کنہہ اور حقیقت کو ہم نہیں سمجھ سکتے۔ جیسا کہ سورة بقرہ میں اس کی تصریح فرمائی گئی { وَلٰکِنْ لَاَّ تَشْعُرُوْنَ } کہ " تم لوگ اس کی حقیقت کا شعور نہیں رکھتے "۔ مزید تشریح کے لئے سورة بقرہ کی آیت نمبر 154 کے حواشی کی طرف رجوع کیا جائے۔ بہرکیف اللہ کی راہ میں مارا جانا موت نہیں بلکہ حیات جاودانی سے سرفرازی ہے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top