Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 188
لَا تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ یَفْرَحُوْنَ بِمَاۤ اَتَوْا وَّ یُحِبُّوْنَ اَنْ یُّحْمَدُوْا بِمَا لَمْ یَفْعَلُوْا فَلَا تَحْسَبَنَّهُمْ بِمَفَازَةٍ مِّنَ الْعَذَابِ١ۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ
لَا تَحْسَبَنَّ : آپ ہرگز نہ سمجھیں الَّذِيْنَ : جو لوگ يَفْرَحُوْنَ : خوش ہوتے ہیں بِمَآ : اس پر جو اَتَوْا : انہوں نے کیا وَّيُحِبُّوْنَ : اور وہ چاہتے ہیں اَنْ : کہ يُّحْمَدُوْا : ان کی تعریف کی جائے بِمَا : اس پر جو لَمْ يَفْعَلُوْا : انہوں نے نہیں کیا فَلَا : پس نہ تَحْسَبَنَّھُمْ : سمجھیں آپ انہیں بِمَفَازَةٍ : رہا شدہ مِّنَ : سے الْعَذَابِ : عذاب وَلَھُمْ : اور ان کے لیے عَذَابٌ : عذاب اَلِيْمٌ : دردناک
(اور) کبھی گمان بھی نہ کرنا ان لوگوں کے بارے میں جو خوش ہوتے (اور بغلیں بجاتے) ہیں اپنے کرتوتوں پر، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی تعریف کی جائے ایسے کاموں پر جو انہوں نے کئے نہیں، سو ان کے بارے میں کبھی یہ گمان نہیں کرنا کہ وہ عذاب سے کسی طرح کے بچاؤ (اور حفاظت) میں ہیں، (ہرگز نہیں) اور ان کے لئے ایک بڑا ہی دردناک عذاب ہے
403 اہل باطل کیلئے ایک بڑا ہی دردناک عذاب : سو ارشاد فرمایا گیا کہ ایسے لوگوں کے لیے ایک بڑا ہی دردناک عذاب ہے۔ ایسا دردناک اور اس قدر ہولناک کہ کوئی شخص اپنے طور پر اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔ اس آیت کریمہ کا نزول اگرچہ یہود بےبہبود کے بارے میں ہوا لیکن اس کے حکم اور عموم میں ہر ایسا شخص داخل ہے جو اپنے برے افعال سے خوش ہوتا ہو اور ناکردہ امور پر اپنی تعریف چاہتاہو۔ (معارف للکاندھلوی (رح) ) ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل و کرم سے اس طرح کے ہر شر و فساد اور ہر بری نیت اور خصلت سے ہمیشہ محفوظ رکھے اور ہمیشہ اپنی رضا و خوشنودی کی راہوں پر چلنا نصیب فرمائے ۔ آمین ثم آمین۔ بہرکیف اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ جن لوگوں کے کارنامے یہ کچھ ہوں کہ انہوں نے دنیائے دوں کے حقیر مفادات کی خاطر اسقدر ڈھٹائی کے ساتھ دین فروشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہو ۔ والعیاذ باللہ ۔ اور پھر وہ اپنے اس کارنامے پر خوش بھی ہوتے ہوں اور وہ چاہتے ہوں کہ ایسے کاموں کا کریڈٹ بھی حاصل کریں جو انہوں نے کئے نہ ہوں تو ایسے لوگوں کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا کہ ان کو کبھی عذاب الٰہی سے محفوظ نہ سمجھنا۔ وہ اس دنیا میں بھی عذاب کی زد میں ہیں اور آخرت میں بھی ان کے لئے ایک بڑا دردناک عذاب ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top