Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 189
وَ لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ۠   ۧ
وَلِلّٰهِ : اور اللہ کے لیے مُلْكُ : بادشاہت السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین وَاللّٰهُ : اور اللہ عَلٰي : پر كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے قَدِيْرٌ : قادر
اور اللہ ہی کے لئے ہے بادشاہی آسمانوں اور زمین کی، اور اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے1
404 اللہ تعالیٰ کی بےمثال بادشاہی اور اس کے کمال قدرت کا ذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ ہی کے لیے ہے بادشاہی آسمانوں اور زمین [ کی اس پوری کائنات ] کی۔ اور وہی ہے جو ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ سو بادشاہوں کے بادشاہ اور اس شہنشاہ حقیقی کی بادشاہی بےمثال اور اس کی قدرت لامحدود ہے۔ پس نہ کوئی کہیں چھپ کر اس کی پکڑ سے بچ سکتا ہے اور نہ کوئی کہیں بھاگ کر اس کی گرفت سے نکل سکتا ہے۔ کیونکہ نہ کوئی اس کی بادشاہی سے نکل کر کہیں جاسکتا ہے اور نہ ہی اس کی قدرت لامحدود سے باہر ہوسکتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو آسمانوں اور زمین کی اس عظیم الشان کائنات میں اس کے سوا کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں۔ پس جو لوگ اس سے سرکشی کرتے ہیں وہ ہر وقت اس کے قبضہ قدرت و اختیار میں ہیں۔ اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ اس کی گرفت و پکڑ سے کوئی نہیں بچ سکتا ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ اور اللہ تعالیٰ کی اس عظیم الشان بادشاہی میں اور کسی کا کوئی حق اور حصہ نہیں۔ نہ اس کے بنانے پیدا کرنے میں اور نہ اس کے حکم و تصرف میں۔ وہی وحدہ لا شریک اس کا خالق اور موجد بھی ہے اور وہی اس میں حاکم و متصرف بھی ۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔ نہ اس کی تخلیق و ایجاد میں کوئی اس کا شریک ہے اور نہ اس کے حکم وتصرف میں۔
Top