Tafseer-e-Madani - Faatir : 17
وَ مَا ذٰلِكَ عَلَى اللّٰهِ بِعَزِیْزٍ
وَمَا : اور نہیں ذٰلِكَ : یہ عَلَي اللّٰهِ : اللہ پر بِعَزِيْزٍ : دشوار
اور ایسا کرنا اللہ کے لئے کچھ بھی دشوار نہیں2
46 نعمت امہال کی تذکیر و یاددہانی : سو ارشاد فرمایا گیا " اور اللہ کیلئے تمہاری جگہ کسی نئی مخلوق کو لا بسانا کچھ مشکل نہیں "۔ کہ وہ قادر مطلق ہے جو چاہے اور جیسا چاہے کرے۔ سو تمہارے نزدیک تو شاید یہ بڑی مشکل اور ایک انہونی سی بات ہو مگر اللہ پاک کے لئے یہ کچھ بھی مشکل نہیں کہ وہ قادر مطلق ہے جو چاہے جب چاہے اور جیسے چاہے کرے۔ اس کی شان قدرت تو یہ ہے کہ جب اس کو کوئی کام کرنا ہوتا ہے تو اس کیلئے صرف اس کے حکم اور اشارہ کی دیر ہوتی ہے اور بس۔ وہ جو تم لوگوں کو تمہاری بےقدری اور نا شکری کے باوجود ڈھیل اور مہلت پر مہلت دیے جا رہا ہے تو محض اپنی شان کرم اور حمت و عنایت کی بنا پر دیے جا رہا ہے۔ سو تمہارے لیے بہتری اور بھلا اسی میں ہے کہ تم اس کی اس رحمت و عنایت کی قدر کر کے صدق دل سے اس کے آگے جھک جاؤ۔ ورنہ یاد رکھو کہ نہ تم اللہ کا کچھ بگاڑوگے اور نہ اس کے رسول کا بلکہ خود اپنی ہی ہلاکت اور تباہی کا سامان کرو گے اور ایسی ہولناک تباہی کا کہ اس سے تم پھر کبھی نکل نہیں سکو گے ۔ والعیاذ باللہ -
Top