Tafseer-e-Madani - An-Nisaa : 139
اِ۟لَّذِیْنَ یَتَّخِذُوْنَ الْكٰفِرِیْنَ اَوْلِیَآءَ مِنْ دُوْنِ الْمُؤْمِنِیْنَ١ؕ اَیَبْتَغُوْنَ عِنْدَهُمُ الْعِزَّةَ فَاِنَّ الْعِزَّةَ لِلّٰهِ جَمِیْعًاؕ
الَّذِيْنَ : جو لوگ يَتَّخِذُوْنَ : پکڑتے ہیں (بناتے ہیں) الْكٰفِرِيْنَ : کافر (جمع) اَوْلِيَآءَ : دوست مِنْ دُوْنِ : سوائے (چھوڑ کر) الْمُؤْمِنِيْنَ : مومن (جمع) اَيَبْتَغُوْنَ : کیا ڈھونڈتے ہیں ؟ عِنْدَھُمُ : ان کے پاس الْعِزَّةَ : عزت فَاِنَّ : بیشک الْعِزَّةَ : عزت لِلّٰهِ : اللہ کے لیے جَمِيْعًا : ساری
جنہوں نے (ایمان کے دعوں کے باوجود) کافروں کو اپنا دوست بنارکھا ہے، ایمان والوں کو چھوڑ کر کیا یہ لوگ ان کے یہاں عزت ڈھونڈتے ہیں ؟ تو (یہ یقین جان لیں کہ) بیشک عزت سب کی سب اللہ ہی کے لئے ہے،2
357 ایمان والوں کو چھوڑ کر کفار و مشرکین کو دوست بنانا منافقون کی نشانی ۔ والعیاذ باللہ : سو ان منافقوں کی خاص صفت کی ذکر وبیان کے طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ جو کافروں کو اپنا دوست بناتے ہیں ایمان والوں کو چھوڑ کر۔ پس مسلمانوں کو چھوڑ کر کفار کے ساتھ دل کی دوستی اور تعلق جائز نہیں۔ البتہ ظاہری میل ملاپ اور کاروبار، جو معاشرتی تقاضوں کے مطابق کرنا پڑتا ہے اس کا معاملہ الگ ہے۔ وہ ممنوع نہیں۔ اس کی اجازت ہے۔ مگر ان سے دلی دوستی رکھنا ایمان کے منافی اور کفر و نفاق کی علامت ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بہرکیف یہاں پر منافقوں کی اس صفت اور خصلت کو بیان فرمایا گیا کہ یہ لوگ اہل ایمان کو چھوڑ کر کافروں کو اپنا دوست بناتے ہیں حالانکہ اہل ایمان کیلیے ایسا کرنا جائز نہیں۔ سو ایمان والوں کو چھوڑ کر کافروں کو اپنا دوست بنانا منافقوں کی نشانی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم - 358 عزت سب کی سب اللہ ہی کیلئے ہے : سو ارشاد فرمایا گیا کہ کیا یہ لوگ ان [ کفارو مشرکین ] کے یہاں عزت ڈھونڈتے ہیں ؟ سو ایسوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ عزت سب یقینا اللہ ہی کے لیے ہے۔ وہ جسے چاہے اپنے فضل و کرم سے عزت سے نوازے۔ پس کفار و مشرکین کی طرف جھکنے کی بجائے تم لوگ سچے ایمان اور نیک عمل کے ذریعے اللہ والے بن جاؤ۔ تاکہ اس کے یہاں سے تم سچی اور حقیقی عزت سے سرفراز ہو سکو ۔ اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنَا التَّوْفِیْقَ لِذَالِکَ وَ الثّبَاتَ عَلَیْہ وَالاِسْتِقَامَۃَ ۔ سو اس ارشاد ربانی میں دور حاضر سمیت ہر دور کے لوگوں کیلئے یہ درس عبرت و بصیرت ہے کہ عزت اہل کفر و باطل کے ساتھ دوستی لگانے میں نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ سچے تعلق اور اس کی عبادت و بندگی میں ہے ۔ وباللہ التوفیق ۔ سو وہ لوگ سخت غلطی پر ہیں جو عزت کی طلب و تلاش میں اللہ کے دشمنوں اور ایمان و یقین سے محروم لوگوں کی طرف دوستی اور محبت کی پینگیں بڑھاتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top