Tafseer-e-Madani - Al-Ghaafir : 65
هُوَ الْحَیُّ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ فَادْعُوْهُ مُخْلِصِیْنَ لَهُ الدِّیْنَ١ؕ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ
هُوَ الْحَيُّ : وہی زندہ رہنے والا لَآ اِلٰهَ : نہیں کوئی معبود اِلَّا : سوائے هُوَ : اس کے فَادْعُوْهُ : پس تم پکارو اسے مُخْلِصِيْنَ : خالص کرکے لَهُ : اس کے لئے الدِّيْنَ ۭ : عبادت اَلْحَمْدُ : تمام تعریفیں لِلّٰهِ : اللہ کے لئے رَبِّ : پروردگار الْعٰلَمِيْنَ : سارے جہان
وہی (اور صرف وہی) ہے زندہ کوئی معبود نہیں سوائے اس کے پس تم سب اسی کو پکارو اسی کے لئے خالص کرتے ہوئے اپنے دین (و اعتقاد) کو سب تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں جو پالنے والا ہے سب جہانوں کا
121 اللہ ہی زندہ ہے ۔ سبحانہ وتعالیٰ : سو ارشاد فرمایا گیا اور اسلوب حصر و قصر میں ارشاد فرمایا گیا کہ " وہی ہے زندہ "۔ کہ اس کی زندگی حقیقی، ذاتی اور دائمی ہے۔ اس کو نہ عدم سابق سے واسطہ نہ لاحق سے۔ اس کو نہ فنا ہے نہ زوال۔ اور یہ شان اس کے سوا اور کسی کی بھی نہیں۔ پس معبود برحق بھی وہی اور صرف وہی ہے۔ اس کے سوا اور کسی کے لئے نہ کسی قسم کی عبادت کا حق ہے نہ جواز۔ پس تم سب لوگ اسی کو پکارو بندگی کو اسی کے لئے خالص کرتے ہوئے۔ اس کے سوا دوسروں کو جو لوگ پکارتے ہیں وہ مردہ ہیں نہ کہ زندہ۔ وہ نہ کسی کی سن سکتے ہیں اور نہ مدد کرسکتے ہیں۔ انکو پوجنا، پکارنا اوہام اور خرافات کی پیروی کے سوا کچھ نہیں۔ اور ان کی پوجا پاٹ کرکے اپنی تذلیل و تحقیر کا سامان کرنا سراسر خسارے اور دھوکے کا سودا ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ پس تم لوگ ان سب کو چھوڑ کر اور ان سب سے منہ موڑ کر ایک اللہ کی عبادت و بندگی کرو۔ وہی وحدہ لاشریک ہر قسم کی عبادت و بندگی کا اصل حقدار ہے اور اسی کی عبادت و بندگی میں تمہارے لیے دارین کی سعادت و سرخروئی کا سامان ہے ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید ۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ راہ حق و ہدایت پر قائم اور ثابت قدم رکھے ۔ آمین ثم آمین۔
Top