Tafseer-e-Madani - Al-Ghaafir : 79
اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَنْعَامَ لِتَرْكَبُوْا مِنْهَا وَ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَ٘
اَللّٰهُ : اللہ الَّذِيْ جَعَلَ : وہ جس نے بنائے لَكُمُ : تمہارے لئے الْاَنْعَامَ : چوپائے لِتَرْكَبُوْا : تاکہ تم سوار ہو مِنْهَا : ان سے وَمِنْهَا : اور ان سے تَاْكُلُوْنَ : تم کھاتے ہو
اللہ وہی ہے جس نے بنائے تمہارے (بھلے اور فائدے کے) لئے چوپائے تاکہ تم لوگ ان میں سے کسی پر سواری کرو اور انہی میں سے تم کھاتے (اور روزی بھی حاصل کرتے) رہو
149 ربوبیت کی نشانیوں کی طرف اشارہ : سو ارشاد فرمایا گیا " اللہ وہی ہے جس نے تمہارے بھلے اور فائدے کے لیے یہ عظیم الشان اور کثیر الفوائد چوپائے پیدا فرمائے تاکہ تم لوگ ان میں سے کچھ پر سواری کرو اور انہی سے تم لوگ کھاتے بھی ہو "۔ کہ ان کے دودھ پیتے، گوشت کھاتے اور ان کے ذریعے کاروبار کر کے اپنی روزی کماتے ہو وغیرہ وغیرہ۔ اوپر کی آیت کریمہ میں نشانی عذاب کے مطالبے کی طرف اشارہ گزرا۔ وہاں رسول کو یہ اطمینان دلایا گیا کہ اس چیز کا تعلق اللہ تعالیٰ کی حکمت اور اسی کی مشیت سے ہے۔ اس لیے اسکا معاملہ اسی کے سپرد کردینا چاہیئے۔ اب اس آیت کریمہ میں نشانی کا مطالبہ کرنے والوں کو ربوبیت کی نشانیوں کی طرف توجہ دلائی گئی کہ تم لوگ عذاب کی کوئی نشانی ہی کیوں مانگتے ہو۔ تم خداوند قدوس کی ان بیشمار نشانیوں میں کیوں غور نہیں کرتے جو تمہارے چاروں طرف پھیلی ہوئی ہیں۔ تم ذرا اپنے ان چوپایوں میں ہی غور کرلو جو اس نے تمہارے طرح طرح کے فائدوں کیلئے پیدا فرمائے ہیں۔ جن سے تم لوگ طرح طرح کے فائدے اٹھاتے ہو۔ ان میں سے کچھ تمہاری سواری کے کام آتے ہیں۔ کچھ کے ذریعے تم لوگ اپنی غذائی ضرورتیں پوری کرتے ہو۔ اور ان میں تمہارے لیے اور بھی طرح طرح کے فوائد و منافع ہیں۔ سو تم ذرا دیکھو کہ یہ اس کی قدرت کاملہ، حکمت بالغہ اور رحمت شاملہ کے کتنے عظیم الشان مظہر ہیں جو تمہارے سامنے اور تمہارے آگے پیچھے پھیلے بکھرے ہیں۔ سبحانہ و تعالیٰ -
Top